میر خلیل موسیانی کی شہادت قابل مذمت، غیر جانبدارانہ تحقیقات، گرفتار دیگر افراد کو جلد رہا کیا جائے، میر اسرار اللہ زہری
خضدار (ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے سربراہ سابق سینیٹر و وفاقی وزیر میر اسرار اللہ زہری نے زہری میں سردار نصیر احمد موسیانی کے صاحبزادے میر خلیل احمد موسیانی کی شہادت اور اہلِ خانہ کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار نصیر احمد موسیانی جھالاوان کے ایک بزرگ باوقار اور پرامن قبائلی و سیاسی رہنما ہیں جن کے خاندان کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ایسے واقعات بلوچستان میں پہلے سے موجود بے چینی اور اضطراب میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور سماجی مسائل کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ قانون انصاف اور مکالمے میں ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ میر زہری خان سمیت دیگر گرفتار افراد کو بھی جلد رہا کیا جائے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے آئین قانون اور انسانی حقوق کی بالادستی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔


