ایچ ای سی کے ریجنل مرکز کے قیام سے بلوچستان بھر میں تمام اعلیٰ تعلیمی ادارے اور یونیورسٹی کیمپس مضبوط ہوں گے، گورنر
کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبائی دارالحکومت میں ہائر ایجوکیشن کمیشن ریجنل سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اسے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ صرف ایک ریجنل سینٹر نہیں ہے بلکہ ایک تعلیم یافتہ بلوچستان کے دیرینہ خواب کی تعبیر ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا پورے پاکستان کی تقریباً 300 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں قائدانہ کردار کردار ہے اور روشن مستقبل کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن ریجنل سینٹر کوئٹہ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان ڈاکٹر ظہور بازئی، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، وائس چانسلر میر چاکر خان رند سبی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عالم ترین سمیت متعدد ماہرین تعلیم موجود تھے۔ واضح رہے کہ ایچ ای سی ریجنل سینٹر 78.61 ملین روپے کی لاگت سے رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائیگا۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اس بات پر زور دیا کہ اخراجات کو اپنے قابو میں رکھنے کیلئے ریجنل سنٹر کو بجلی کے روایتی نظام سے جدید سولر انرجی پر منتقل کیا جائے اور اس میں ایک گیسٹ ہاو¿س شامل کرنے کی بھی سفارش کی اور کہا کہ زیر تعمیر ریجنل سینٹر کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچاتے وقت معیار برقرار رکھنے کا خاص خیال رکھیں۔ گورنر مندوخیل نے مزید کہا کہ ایچ ای سی کے اس ریجنل مرکز کے قیام سے صوبے بھر میں تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹی کیمپس مضبوط ہونگے۔ یہ جدت اور ریسرچ کیلئے ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوگی۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کا ان کے وڑن اور لگن پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل سینٹر کا قیام نہ صرف ایک انتظامی قدم ہے بلکہ ایک بڑی تعمیری تبدیلی ہے۔ اب وفاق اور صوبہ ملکر کوالٹی ایجوکیشن کے بیج بو رہے ہیں اور ہم آنے والی نسلوں کیلئے معیاری تعلیم اور پائیدار ترقی کے نتائج فراہم کرینگے۔ آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے قومی سطح پر الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی لمحے کی بھرپور کوریج کریں۔


