پاکستان بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے، وزیراعظم شہباز شریف کی وزارتوں اور اداروں کو ہدایت

اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا اولین ترجیح ہے،ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔وزیراعظم سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے تحت منصوبوں کی پیش رفت اور آئندہ کے ترقیاتی اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ان کی موجودہ پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلی معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کے ثمرات بروقت پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کےلئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی موثر رابطے اور بہتر ہم آہنگی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ قومی ترقی کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔ملاقات میں قومی ترقی کے مختلف پہلوﺅں، مستقبل کی منصوبہ بندی اور ملک کی معاشی و ترقیاتی حکمت عملی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں