آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ملک بھر میں ہڑتال، بلوچستان میں بھی مال بردار گاڑیوں کی لوڈنگ معطل

کوئٹہ ( آن لائن) بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی ، ترجمان حاجی روزی خان مندوخیل ، حاجی ظاہر خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے دی گئی کال پر ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی گڈز ٹرانسپورٹ نے ہڑتال کر رکھی ہے جو غیر معینہ مدت تک اپنے مطالبات کے حصول کے لئے جاری رہے گی۔ ہڑتال کے دوران مختلف مقامات پر مال بردار گاڑیاں کھڑی کردی گئی ہیں،بلوچستان میں گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل معطل ہے جبکہ ملک کے دیگر صوبوں پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں راستے بند ہونے کے باعث مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔بلوچستان کے تمام زمیندار حضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ آج کے بعد اپنا فروٹ، سبزی اور دیگر خراب ہونے والا مال اور اجناس گاڑیوں پر لوڈ نہ کریں، کیونکہ پاکستان کے دیگر صوبوں اور بڑے شہروں پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے غیر معینہ مدت کے لئے کی گئی ہڑتال کے باعث راستے بند ہیں۔ گاڑیوں میں مال خراب ہونے کی صورت میں زمینداروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔لہٰذا تمام زمیندار حضرات سے گزارش ہے کہ ہڑتال اور راستے کھلنے تک اپنا مال گاڑیوں اور ٹرکوں میں لوڈ کرنے سے گریز کریں۔حاجی نور محمد شاہوانی، حاجی روزی خان مندوخیل، حاجی ظاہر خان یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی بد امنی اور حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے مختلف مسائل سے دو چار ہے اور صوبے میں قائم کسٹم ، ایف سی کی چیک پوسٹوں پر گڈز ٹرانسورٹروں، ڈرائیوروں اور ان کے کنڈیکٹرز کے ساتھ ناروا اقدامات کئے جاتے ہیں اور آئے روز مال بردار گاڑیوں ، بوزرز کو جلانے،ڈرائیوروں اور کنڈیکٹر کو قتل کرنے کے علاوہ مال بردار گاڑیاں لوٹنا روز کا معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کو اربوں روپے کا گاڑیوں کو جلانے اور انہیں نقصان پہنچانے کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں اور مالکان کو نقصان ہوا ہے جس کا تا حال ازالہ نہیں کیا گیا ہماری ہڑتال مطالبات کے حصول تک جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے