بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا فیصلہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی
کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی نے بلوچستان میں لوڈشیڈنگ میں اضافے کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں کمی کی وجہ سے پہلے سے ہی عوام مشکلات سے دوچار ہے جبکہ حکومت کی طرف سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا فیصلہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،ٹڈی دل،تیز بارشوں سے زمینداروں اور کاشتکاروں کی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ رسہی سہی فصلات بجلی کی لوڈشیڈنگ تباہ کردے گی،حکومت عوام کے مسائل کے حل کو کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کرکے عوام کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ سینیٹر ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی نے کہاکہ بلوچستا ن میں کورونا وائرس نے عوام کو معاشی طورپر بدحال کردیا جبکہ ٹڈی دل کی وجہ سے یہاں کے کاشتکار اور زمیندار نان شبینہ کے محتاج ہوگئے اور بچی کچی فصلات تیز بارشوں کی نظر ہوگئی ایسی صورتحال میں جب صوبے کی بچ جانے والی فصلات تیاری کے مراحل میں حکومت کی طرف سے بلوچستان میں لوڈشیڈنگ میں اضافے کا فیصلہ عوام اور زمیندار وں کو دیوار سے لگانے کے مترادف ہے،بلوچستان کی عوام پہلے سے ہی گونا گو مسائل سے دوچار ہے یہاں پہلے سے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں کمی وبیشی کی وجہ سے عوام اور کسان مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ لوڈشیڈنگ میں اضافے کا فیصلہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت عوام کو سہولیات کی بجائے کے مسائل میں اضافہ کرنے پر تلی ہوئی ہے،ہونا تو یہ چاہیے تھاکہ وفاقی حکومت بلوچستان کی عوام،زمینداروں کی معاشی بدحالی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھاتی لیکن حکومت کی طرف سے صورتحال کاادراک کے باوجود ایسے فیصلے سمجھ سے بالاترہے انہوں نے کہاکہ صوبے کے مسائل کو حکام بالا تر پہنچانے کے باوجو دان کی شنوانی نہ ہونے سے یہاں کے لوگوں میں مایوسی پھیل رہی ہے،انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر لوڈشیڈنگ میں اضافے سے متعلق فیصلے کو واپس لیاجائے تاکہ یہاں کی عوام اور زمینداروں کو ریلیف ملیں۔


