بلاول اور ایمل ولی خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت
اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواجس میں ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ایمل ولی خان کے درمیان موجودہ صورت حال میں ترقی پسند سیاسی جماعتوں کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ایمل ولی خان نے سیاسی معاملات میں ایک ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ایمل ولی خان کے درمیان اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں میں اتحاد برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا،دونوں رہنماؤں نے حکمران جماعت کی جانب سے نیب کے ذریعے جانب دارانہ احتساب کو مسترد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ سوات سے کراچی اور گلگت سے بلوچستان تک طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد ضروری ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ملک بھر میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر وفاقی حکومت کا مثبت کردار سامنے آنا چاہئے۔ ایمل ولی خان سے مکالمہ کیا کہ چاہے ٹڈی دل ہو، کورونا وائرس یا طوفانی بارشیں، پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے سندھ کو لاوارث چھوڑا۔ ایمل ولی خان سے مکالمہ میں کہاکہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے سندھ کے سنگین بحرانوں پر ہمیشہ سیاست چمکائی ہے۔


