جام خاندان کی زیادتیوں کا پہلے بھی ڈٹ کرمقابلہ کیاہے، سازشیں برداشت نہیں، اسلم بھوتانی
حب(نمائندہ انتخاب)لسبیلہ گوادر سے آزاد رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے صوبائی حکومت بالخصوص وزیراعلی کے احکامات پر لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مخالفین کو سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اپنے ایک بیان میں رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے الزام لگایا کہ ہمارے ساتھیوں کی جدی پشتی زمینوں کو سرکاری زمین ظاہر کرکے لوگوں کی چاردیواریاں مسمار کی جارہی ہے جو کہ انتقام کی اندھی مثال ہے،رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہاکہ لسبیلہ کے لوگوں سے وزیراعلیٰ نے اپنے قومی اسمبلی میں شکست کا بدلہ ان پر ملازمتوں کے دروازے بند کرکے روزگار میں رکاوٹیں ڈال کر اور زمینوں پر بغیر کسی نوٹس کے یکطرفہ کارروائی کرکے لوگوں کی موروثی زمینوں کو چھیننا بدترین انتقام کی مثالیں ہیں انہوں نے کہاکہ وفاق کی جانب سے ان کی کوششوں سے لسبیلہ کی ترقی کیلئے جوفنڈزملے تھے ان میں بھی صوبائی حکومت رکاوٹیں ڈال کر حلقے میں ترقیاتی کاموں کو رکوا رہی ہے،یہ فنڈز کسی کے ذاتی نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام کیلئے مختص ہیں لیکن حلقے میں ترقیاتی کاموں رکاوٹیں ڈالنے کی سازشوں کوکسی بھی طرح سے برداشت نہیں کیاجائے گا،انہوں نے کہاکہ لسبیلہ کے بہادر عوام نے جام خاندان کی زیادتیوں کا پہلے بھی ڈٹ کرمقابلہ کیاہے اور آئندہ بھی ناانصافیوں سے ڈرنے والے نہیں لیکن وزیرا علیٰ جام کمال جو انتقام کا کھیل کھیل رہے ہیں اس سے ان کے خلاف نفرتوں میں اضافہ ہورہاہے اور آئندہ الیکشن میں وہ اپنی صوبائی سیٹ کو بھی بچانہیں سکیں گے ۔


