تحریک بحالی بی ایم سی کے مطالبات تسلیم کئے جائیں ، بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس
کوئٹہ :بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس نے بولان میڈیکل کالج بحالی تحریک سے یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صوبائی حکومت بروقت تحریک بحالی بی ایم سی کے مطالبات تسلیم کرتی اور ملازمین کے مسائل حل کئے جاتے تو آج نہ تو ملازمین سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے کرتے او رنہ ہی نوبت تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ تک پہنچتی ، بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کا مطالبہ ہے کہ فوری طو رپر ہڑتال ختم کرائی جائے اور تحریک بحالی بی ایم سی کے مطالبات تسلیم کئے جائیں تاکہ نہ صرف محکمہ صحت بلکہ صوبے کے تمام سرکاری ملازمین میں پائی جانے والی تشویش کاخاتمہ کیا جائے ۔ بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے مرکزی ترجمان کے جاری کردہ بیان میں بولان میڈیکل کالج بحالی تحریک کے چارٹرآف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تحریک بحالی بی ایم سی کی جانب سے کافی عرصے سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اس دوران بلوچستان اسمبلی کے باہر بھی طویل احتجاجی کیمپ لگایا گیا حکومت کی جانب سے ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹیاں تو تشکیل دی جاتی ہیں لیکن یا تو کمیٹیاں بے اختیار ہیں یا پھر کمیٹیاں مسائل حل نہیں کرنا چاہتیں گزشتہ روز ہر طرف سے مایوس ہو کر بی ایم سی بحالی تحریک کے عہدیداران و اراکین تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں جس سے پورے صوبے کے ملازمین میں شدید تشویش او رپریشانی پھیل گئی ہے ۔ بیان میں تحریک بحالی بی ایم سی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی حمایت اور تحریک سے یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور دیگر حکام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طو رپر ملازمین کی تادم مرگ بھوک ہڑتال ختم کرائیں اور ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ سرکاری ملازمین میں پائی جانے والی تشویش اور پریشانی کاخاتمہ ممکن ہوسکے ۔


