پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کی فلمیں و ڈرامے ڈب کر کے چلائیں گے

اسلام آباد:پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کی فلمیں و ڈرامے اردو اور عربی زبان میں ڈب کر کے چلائیں گے۔پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل اور اتحادِ امہ کا زبردست داعی ہے، سیاحت کے شعبے میں ترقی کیلئے پاکستان کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کیاجانا چاہیے۔جمعہ کو تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی دعوت پرسعودی سفارتخانے میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر طے کیا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کیلئے دونوں ممالک کے کلچر اور ثقافت سے عوام کو روشناس کروایا جائے گا۔اس مقصد کیلئے سعودی عرب میں اسلامی تاریخ اور سعودی کلچر پر بننے والی فلموں اور ڈراموں کو اردوزبان میں ڈبنگ کر کے پاکستانی میڈیاپر چلایا جائے گا۔اسی طرح پاکستان میں بننے والی فلموں اور ڈراموں کو عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کے میڈیا پر چلایا جائے گا۔اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے دونوں برادرممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے کلچر اور ثقافت سے آگاہی حاصل ہوگی – نوجوانوں کو اسلامی تاریخ سے روشناس کروایا جائے گا،جس کے نتیجے میں وہ ایک دوسرے کے مزید قریب آسکیں گے۔اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل اور اتحادِ امہ کا زبردست داعی ہے، پاکستان کو انتہائی خوبصورت اور شاندار ملک پایا،سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لئے پاکستان کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کیاجانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عظیم لیڈر ہیں جنکی دنیا عزت کرتی ہے، عمران خان کی خدمات اور ویڑن کو پوری اسلامی دنیا خصوصاً سعودی عرب میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید خان نے سعودی سفیر کو پاکستان میں سیاحت کے موضوع پر لکھی گئی ایک کتاب بھی پیش کی۔(رڈ)

اپنا تبصرہ بھیجیں