سی پیک کیساتھ ہماری معاشی ترقی جڑی ہوئی ہے،شاہ محمود قریشی

بیجنگ،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سی پیک کیساتھ ہماری معاشی ترقی جڑی ہوئی ہے، منصوبے سے پورے خطے کا فائدہ ہو گا، دونوں ممالک کی قیادت منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہے،جیسے جیسے ہم کرونا وائرس کے چیلنج سے باہر آتے جائیں گے ویسے ویسے سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل ہوتی چلی جائے گی،ہم چین کی مدد سے اپنے زرعی شعبے میں فی ایکڑ پیداوار کو کیسے بڑھا سکتے ہیں،افغان امن عمل ہو،خطے میں امن و استحکام کی بات ہو ہم ایک دوسرے کے ساتھ باہمی مشاورت اور تعاون کو جاری رکھے ہوئے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر جس تک چین نے پاکستان کے موقف کی تائید اور حمایت کی ہے اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہمارے تعلقات کتنے گہرے ہیں۔ منگل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں پاک چین لازوال دوستی اور اپنے دورہ چین کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت ہو، چین کی قیادت اور عوام ہر آڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے آج چین پر کرونا وائرس کی صورت میں کڑا وقت آیا ہے تو ہم پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین نے جس طرح کرونا جیسے چیلنج کا سامنا کیا ہے اور جس نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں