جب تک وفاق کراچی میں‌ دلچسپی نہیں لے گا، شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے،مرتضی وہاب

کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ صوبے کے 20 اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچائی، 25 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، جب تک وفاق کراچی میں‌ دلچسپی نہیں لے گا، شہر کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی صرف سندھ کا دارالخلافہ ہی نہیں، معاشی حب بھی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین کی مدد کیلئے وزیراعظم کو خط لکھا، انہوں نے وزیراعظم سے زرعی قرضوں کی معافی کی درخواست بھی کی، سندھ حکومت وفاقی حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ماضی میں کراچی کیلئے کیے گئے اعلانات پورے نہیں ہوئے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قراردیا گیا ہے، بدین، سانگھڑ، میرپورخاص میں بارشوں سے شدید نقصان ہوا، سندھ حکومت کی طرف سے متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا کی جانب سے پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ پیکج میں 62 فیصد وفاق اور 38 فیصد سندھ حکومت کا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 802 ارب روپے کا اعلان پہلے کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر اسدعمر کی بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، وفاق کی جانب سے 362.9 ارب روپے کی شراکت داری ہے۔ وفاق کراچی میں 62 فیصد شراکت داری کا کریڈٹ لے رہا ہے، ترقیاتی پیکج میں 749.9 ارب روپے سندھ حکومت کے ہیں، وفاقی حکومت سالانہ 33 ارب روپے انویسٹ کرے گی، باقی رقم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دی جائے گی۔

مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ وفاق پر الزامات نہیں لگا رہا، ریکارڈ کی درستگی کرنا چاہتا ہوں، وفاق کم سے کم رقم دے رہا ہے، زیادہ کاوش تو سندھ کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں