تمام ترقیاتی اسکیموں پر کام تیز کیا جائے، چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی زیر صدارت مالی سالا 2020-21کے پی ایس ڈی پی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں کی پی سی ون کی تیاری اور منصوبوں کی ڈی ایس سیز، پی ڈی ڈبلییو پی کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں پر کام تیز کیا جائے اور صوبے کی ترقی کیلیے دن رات محنت کرنی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی ھدایت پر سرد علاقوں کی ترقیاتی اسکیمات پر خاص توجہ دی جائے تاکہ موسم سرما آنے تک ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر زیادہ کام ہو جائے اور ان پر فنڈز کا ضیاع بھی نہیں ھوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے ڈیپارٹمنٹل اسٹیرنگ کمیٹیز اور پی ڈی ڈبلییو پی جلدی کرائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی پی سی ون کو بھی جلدی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ تاکہ مقررہ وقت پر ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کو یقینی بنایاجائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری عبد الرحمن بزدار نے اجلاس کو پی ایس ڈی پی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔


