وزیراعظم نے واضح کیا کہ افراد کا لاپتاہونا ناقابل قبول ہے، شیریں مزاری

اسلام آباد :وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں واضح کیا کہ افراد کا لاپتا ہونا ناقابل قبول ہے، ہر طرح کے جرم سے نمٹنے کے لیے قوانین موجود ہیں۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ ساجد گوندل کے معاملے پر آئی جی اور وزارت داخلہ کو سخت احکامات دیے گئے تھے ، ساجد گوندل کی بحفاظت واپسی پر خوشی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی خیریت کی اطلاع دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ میں واپس آگیا ہوں اور محفوظ ہوں۔ سب دوستوں کا شکر گزار ہوں جو میرے حوالے سے پریشان رہے۔ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر 3ستمبر کواسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے۔ ان کی گاڑی زرعی تحقیقاتی مرکز شہزاد ٹاون کے قریب کھڑی ملی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں