کرونا وائرس پر سیاست نہ کی جائے، مصطفی کمال
کراچی،سربراہ پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی)مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پر سیاست نہ کی جائے، حکومت سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہیں، وباء کے سد باب کیلئے صوبائی حکومت کی تمام سرگرمیوں میں بھرپور ساتھ دینے کا عزم کرتے ہیں،پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہے، سندھ کے دارلخلافہ کراچی کی تقسیم سندھ کی تقسیم ہے۔ پاک سر زمین پارٹی نفرتوں کے بیچ بونے نہیں دیگی۔ سندھ حکومت کی طرز سیاست سے پاکستان مخالف قوتوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ سندھ کو ایک رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے دارالخلافہ کراچی کو بھی ایک رکھا جائے، پاک سر زمین پارٹی نا تو سندھ کو تقسیم کرنے دے گی اور نا سندھ کے دارلخلافہ کراچی کو تقسیم ہونے دے گی۔سندھ کو متحد رکھنے کے لیے کراچی کا متحد رہنا ضروری ہے، ذاتی مفادات کے حصول کے لیے سندھ حکومت کراچی کو لسانی بنیادوں پر مزید ڈسٹرکٹ بنا کر تقسیم کر رہی ہے۔ اگر آبادی کے لحاظ سے ڈسٹرکٹ بنتے تو سب سے زیادہ آبادی والے ڈسٹرکٹ سینٹرل، ایسٹ اور کورنگی میں نئے ڈسٹرکٹ بنائے جاتے لیکن سندھ حکومت خالی زمینوں کو ڈسٹرکٹ کا درجہ دے رہی ہے، جو کھلم کھلا تعصب پر مبنی ہے۔ اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ہر فورم پر احتجاج کریں گے، یہ بات چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔