بلوچستان میں آزادی صحافت صحافیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،میر اسد بلوچ
کوئٹہ:صوبائی وزیرسماجی بہبو میر اسد اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آزادی صحافت کیلئے کوئٹہ پریس کلب اور صوبے کے صحافیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں صحافیوں نے خوشیوں سے زیادہ غم دیکھے ہیں 50سال کے دوران کوئٹہ پریس کلب نے بہترین انداز میں صوبے کے مسائل کو اجاگر کیا ہے امید ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ یہ بات انہوں نے پیرکو کوئٹہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ کلچر شو کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کسی بھی قوم کی شناخت ہے بلوچستان کے لوگوں نے اپنی ثقافتی شناخت کو زندہ رکھنے کیلئے طویل جدوجہد کی ہے بلوچستان کی ثقافت اور صحافت دونوں نے معاشرے کی بہتری کیلئے اپناکردارادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے صحافیوں بالخصوص کوئٹہ کے صحافیوں نے صوبے کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے جو کردارادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے صحافیوں نے عوام کو باخبر اور حالات سے آگاہ کرنے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ہم شہداء صحافت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ صحافی اسی جوش و جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن سمیت سینئر صحافیوں نے اسد بلوچ کو کوئٹہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔


