جامع اصلاحات کے بغیر اقوام متحدہ سے لوگوں کا اعتماد اٹھ جائے گا،مودی
نئی دہلی :بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اقو ام متحدہ کو عصر حاضر کے حقائق کا عکاس بننے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر اس عالمی ادارے میں جامع اصلاحات نہ ہوئے تو لوگوں کا اس پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی گزشتہ 75برس کے اقدامات اور پہل کی تعریف کی تاہم کہا کہ اس عالمی ادارے میں ہمہ جہت اصلاحات کی ضرورت ہے، جو عصر حاضر کے حقائق کی عکاسی کرتی ہوں، جہاں تمام فریقوں کی آواز سنی جائے، عصری چیلنجز کو حل کیا جائے اور انسانی بہبود کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جائے۔وزیر اعظم مودی کا کہنا تھاہم ایک فرسودہ ڈھانچے کی مدد سے آج کے چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ جامع اصلاحات کے بغیر اقوام متحدہ اعتماد کے بحران سے دوچار ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ آج کی اس مربوط دنیا میں اس عالمی ادارے میں ہمہ جہت اصلاحات کی ضرورت ہے، جو عصر حاضر کے حقائق کی عکاسی کرتا ہو، جہاں تمام فریقوں کی آواز سنی جائے،عصری چیلنجز کو حل کیا جائے اور انسانی بہبود کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اس حوالے سے دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔اقوام متحدہ کے تعاون میں بھارت کے رول کا ذکر کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے پچھلے چھ عشروں کے دوران اقوام متحدہ کے 71 قیام امن مشن میں سے تقریبا 50 مشن میں اپنے دو لاکھ سے زائد فوجی فراہم کیے۔ کسی دیگر رکن ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ بھارتی شہریوں نے قیام امن کی کوششوں کے دوران اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ا ب تک 160 سے زائد بھاری فوجی، پولیس اور سویلین دنیا بھر میں قیام امن کے دوران اپنی جان قربان کرچکے ہیں۔


