شیخ چلی آئین ،قانون اور جمہوریت کا غدار ہے،رانا ثناء اللہ
لاہور ( آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے بھی شیخ رشید سے سوالوں کے جواب مانگ لئے ہیں اور کہا ہے کہ پنڈی کا شیطان شیخ چلی آئین ،قانون اور جمہوریت کابڑا غدار ہے جو ساری زندگی امپائر کی انگلی پر ناچتا رہا ہے ۔اتوار کے روز لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں شیخ رشید پر آئین، قانون اور جمہوریت کا غدار ہونے کا الزام لگاتے ہوئے پوچھا کہ منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرنے اور امپائر کی انگلی کا انتظار کرنے والا کون تھا؟فارن فنڈنگ اور بے نامی اکائونٹس کے ذریعے کس نے اور کہاں سے فنڈنگ کی؟جمہوریت کیخلاف سازش کرنے کیلئے لندن میں کس سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید خود ساختہ ترجمان بن کر اداروں کو بدنام کررہے ہیں جو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ایسے شخص کی زبان بندی نہ کی گئی تو حالات مزید گھمبیر ہو جائیں گے ،ان کا کہنا تھا قومی سلامتی کے اجلاسوں کی اندرونی کہانی باہر لانا خطرناک ہے ،اداروں کو فوری طور پر نوٹس لیکر شیخ چلی کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے اورمطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ اس کوقومی سلامتی کے اجلاسوں میں مدعو نہ کیا جائے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر سوالات اٹھا تے ہوئے اسامہ بن لادن سے چندے کی صورت میں کتنے پیسے وصولیاوربھارت کو اجمل قصاب کا پتہ بتانے کا الزام لگا یا ہے۔