ن لیگ کا انتقامی کارروائیوں کے خلاف عالمی فورمز پر آواز اٹھانے کا فیصلہ
لاہور: ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے اپنے اور پارٹی کیخلاف کارروائیوں کو انتقامی قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف عالمی فورمز میں آواز اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق دونوں لیگی رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے جاری کارروائیوں کو انتقامی قرار دیتے ہوئے اس کیخلاف برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے اداروں کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک علاج کی غرض سے گئے میاں نواز شریف کو جلد از جلد واپس لانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اس سلسلے میں مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو واپس لانے کیلئے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔