11اکتوبر کو شہداء جمہوریت کی یاد میں تاریخی جلسہ ہوگا ،پشتونخوامیپ

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستا ن ڈیموکریٹک موومنٹ PDMکی جانب سے 11اکتوبر کو کوئٹہ میں آئین و قانون کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی بالادستی او رملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے سلوگن کے تحت ملک کے جمہوریت کے تمام شہدا اور7اکتوبر 1983کوئٹہ کے ایم آر ڈی کے شہدا جمہوریت کی یاد میں عظیم الشان اورتاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا۔جس سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام (ف) ، پشتونخواملی عوامی پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی ،بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل) ، نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی ،مرکزی جمعیت اہلحدیث اور جمعیت علماء پاکستان(نورانی)کے مرکزی سربراہان خطاب کرینگے۔ بیان میں ملک میں حالیہ سنگین صورتحال بالخصوص آمریت اور جمہوریت نواز قوتوں کی کشمکش ،آئین کی بالادستی ،پارلیمنٹ کی سپرمیسی، ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے پی ڈی ایم کی جانب سے اپنی تحریک کے آغاز کا پہلا جلسہ کوئٹہ میں منعقد کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ عظیم الشان جلسہ وتحریک سلیکٹڈ حکمرانوں کی حکمرانی کے خاتمے کا سبب بنے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اور پشتونخوامیپ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی، قوموں کی برابری، اداروں کی سیاست میں مداخلت کے خاتمے اور غیر جانبدارانہ ،آزادانہ ،منصفانہ اورصاف شفاف انتخابات کے ذریعے ملک کے عوام کی نمائندہ اور جمہوری حکومت کے قیام تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں تمام بحرانوں کی بنیادی وجہ جمہور کی حکمرانی اور ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن ماننے سے مسلسل انکار ہے اور ملک کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں کو پارلیمنٹ کی بجائے اسٹیبلشمنٹ سے طے کرنے کے سبب آج ملک عالمی تناہی کا شکار ہے ۔ بیان میںپی ڈی ایم میں شریک تمام سیاسی جمہوری جماعتوں سے پرزور اپیل کی گئی ہیں کہ وہ ملکی تاریخ کے اس حساس اور فیصلہ کن مرحلے میں پی ڈی ایم کی تحریک اور 11اکتوبر کوئٹہ کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا قومی سیاسی جمہوری فریضہ ادا کریں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے 11اکتوبر کا جلسہ عام 2018کے عام انتخابات میںا سٹیبلشمنٹ کی ایما ء پر بدترین دھاندلی کے نتیجے میں ملک پر سلیکٹیڈ وزیراعظم اور غیر نمائندہ حکومت مسلط کرنے، آئین کو پامال کرنے، پارلیمان ،عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو بے توقیر کرنے اورمیڈیا کی سسنر شپ ،ملک کے اقوام عوام پر کمر توڑ مہنگائی، سنگین بیروزگاری ،معاشی و سماجی تباہ حالی کی بدترین صورتحال مسلط کرنے، ملک کو اقوام عالم میں یکا وتنہا کرنے اور ملک کے خوشحال ترقیافتہ مستقبل کو تباہ کرنیوالے سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف سنگ میل ثابت ہوگا۔ بیان میں پارٹی کے تمام ضلعوں ، علاقائی یونٹوں ، ابتدائی یونٹوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 11اکتوبر کوئٹہ کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے شب روز محنت کرے اور صوبے کے تمام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 11اکتوبر کے جلسہ عام میں شرکت کرکے اپناقومی ، سیاسی ، جمہوری فریضہ ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں