پاکستان آئی لینڈز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام صوبائی خودمختاری پر حملہ ہے،پی ڈی ایم بلوچستان
کوئٹہ;پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی رہنماوں نے پاکستان آئی لینڈز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام،مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خلاف غداری کے مقدمات درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری پر حملہ آور ہورہی ہے غداری کے مقدمات درج کرنے سے ہمیں آئین کی بالادستی،جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا وفاقی و صوبائی حکومتوں کے بیانات سے ظاہر ہے کہ وہ 25اکتوبر کے جلسے سے خوفزدہ و بوکھلاہٹ کا شکارہیں۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک کی صدارت میں پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے دفتر میں پی ڈی ایم کے صوبائی رہنماوں کے اجلاس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی، سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نور الدین کاکڑ،حیات خان اچکزئی،ڈاکٹر عبدالغنی بنگلزئی،پشتونخوامیپ کے عبدالرحیم زیارت وال،رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے،جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی سید محمود شاہ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات دلاور خان کاکڑ، مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری نصیر خان اچکزئی،شاکر محمد حسنی،بی ین پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ، اے این پی کی صوبائی نائب صدر و رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ کاکڑ،ضلع کوئٹہ کی صدر جمال الدین رشتیا،نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ، صوبائی ترجمان علی احمد لانگو،قومی وطن پارٹی کے عبدالجلیل بازئی،شیر محمد درانی،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے عصمت اللہ سالم،نجیب اللہ عابد اوردیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں 25اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ جلسے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اورحکمت عملی بنائی گئی۔ اجلاس میں پاکستان آئی لینڈز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی مذمت کرتے ہوئے اسے صوبائی خودمختاری پر حملہ قراردیا گیا مقررین نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ اور بلوچستان کے حقوق سلب کرنا چاہتی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں 18ویں ترمیم کے بعد ساحل و وسائل پر صوبوں کا حق ہے لیکن سلیکٹڈ حکمران آرڈیننس کے ذریعے آئین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہورہی ہے پاکستان آئی لینڈز اتھارٹی کے قیام کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیاجائے۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی و صوبائی رہنماوں کے خلاف غداری کے مقدمات درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے پی ڈی ایم کی تحریک کوسبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ڈ ی ایم کی تحریک کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ہم کسی بھی صورت آئین کی بالادستی،عوام کے حقوق کی جدوجہد،جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے فوری طور پر مسلم لیگ(ن) کے قائدین کے خلاف غداری کے مقدمے کو واپس لیا جائے۔اجلاس کے شرکاء نے اپوزیشن لیڈر میاں محمد نواز شریف،پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف سمیت تمام سیاسی اسیروں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر سیاسی اسیروں کو رہا کرے اورسیاسی بنیادوں پر بنائے جانے والے مقدمات کو ختم کیا جائے۔اجلاس میں گزشتہ روز میزئی اڈہ قلعہ عبداللہ میں سات سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بچے سے زیادتی اورقتل میں ملوث ملزمان کوفوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں 25اکتوبر کے جلسے سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں حکومتی بیانات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ کرایے کے ترجمانوں کی تنخواہیں بندہونے والی ہیں اور جلد ہی موجودہ سلیکٹڈ وزیراعظم اورانکی سلیکٹڈ حکومت متحدہ اپوزیشن کے ملک گیر احتجاجی تحریک بعد ختم ہونے والی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم کے صوبائی رہنماوں کا اگلا اجلاس 12اکتوبر کو اے این پی کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔


