ن لیگ عوام کو بے وقوف بنانا چاہتی ہے، شہباز گل
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ (ن) لیگ بدلتے بیانیوں سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے، بیانیہ کی مخالفت پر جلیل شرقپوری سے ناروا سلوک قابل افسوس ہے، یہ لوگ ووٹ کو نہیں نوازشریف کو عزت دو چاہتے ہیں، حکومت کرپشن‘بدعنوانی اور لاقانونیت کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز گل نے کہاکہ عدالت سے سزا پر (ن) لیگ نے بیانیہ شروع کیا کہ مجھے کیوں نکالا، مجھے کیوں نکالا‘اس کے بعد بیانیہ آیا ووٹ کوعزت دو، ووٹ کو عزت دو‘پھر بیانیہ نکلا میں بیمار ہوں،(ن) لیگ ایک طرف ووٹ کو عزت دو کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب منتخب نمائندوں کی تذلیل کرتی ہے، ن لیگ والوں نے جلیل شرقپوری کیساتھ غیر مناسب سلوک کیا، جلیل شرقپوری کا قصور صرف اتنا ہے کہ انہوں نے نواز شریف کے بیانیہ سے اختلاف کیا تھا۔
انہوںنے کہاکہ(ن) لیگ ماضی کی طرح عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہی ہے، مسلم لیگ ن عوام کو دوبارہ 80ئ اور 90ئ کی دہائی کی طرح بے وقوف بنانا چاہتی ہے۔اب (ن) لیگ خود کو انقلاب لانے والی پارٹی کہہ رہی ہے، ہم ووٹ کو عزت دینے والے تھے، کیا جلیل شرقپوری ووٹ لے کر نہیں آئی جلیل شرقپوری کے ساتھ گالم گلوچ کی گئی، ان کی بے عزتی کی گئی،کیا جو کچھ جلیل شرقپوری کے ساتھ کیا گیا وہ ہمارا سیاسی کلچر ہی یہ مسلم لیگ نون کا سیاسی کلچر ہے‘(ن) لیگ ووٹ کو عزت دو کی بات کرتی ہے لیکن منتخب نمائندوں کی تذلیل کرتی ہے،معاون خصوصی نے کہاکہ کیا کیپٹن (ر) صفدرسابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے نہیں ملتے رہی کیاعزت صرف شریف خاندان کی ہے، کسی اور کی نہیں ووٹ کوعزت دو کے دعویداروں نے محمد خان جونیجو کا ساتھ کیوں نہیں دیا نواز شریف نے نگران وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے انتخابی مہم چلائی، ن لیگ کا ووٹ کوعزت دو کا مسئلہ نہیں، مسئلہ لوٹ مار کو تحفظ دینا ہے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ عوام جانتے ہیں چھانگا مانگا میں کیسے ارکان کی خرید و فروخت ہوئی، سب جانتے ہیں سپریم کورٹ پر حملہ کس نے اور کیوں کرایا، سانحہ ماڈل ٹا?ن میں خواتین کو گولیاں مارنے والوں سے سب واقف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف جونیجو اوربینظیر بھٹو شہید کی منتخب حکومتوں کیخلاف بھی کام کرتے رہے، ان لوگوں نے میمو گیٹ سکینڈل میں حکومت کیخلاف سازش کی،(ن) لیگ میں اختلاف رائے رکھنے والوں کو رسوا کیا جاتا ہے‘عوام نے نواز اور مریم کا بیانیہ مسترد کر دیا۔ معاون خصوصی نے مزیدکہاکہ حکومت کرپشن‘بدعنوانی اور لاقانونیت کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔


