مسلط حکمرانی آمریت نواز قوتوں کی بھونڈی مداخلت کی پیداوار ہے، پشتونخوامیپ
کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 25اکتوبر کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ ملک کے آئین پر اس کے روح کے مطابق عمل درآمد ، ملک کی پارلیمنٹ کی خودمختیاری ، جمہورکی حکمرانی ، قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن ، صوبائی خود مختیاری کے آئینی حصول کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ بیان میں کہا گیاہے کہ آمریت نواز اور جمہوریت نواز قوتوں کے درمیان کشمکش ملک کے تشکیل کے بعد شروع ہوا تھا اور آج تک جاری ہے ۔ ملک کو 26سال بعد اس وقت آئین دیا گیا جب ملک ٹوٹ گیا تھا اور آج باقی ملک پر ایسی حکمرانی مسلط ہے جو آمریت نواز قوتوں کی بھونڈی مداخلت کی پیداوار ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری ملازم سیاست نہیں کرسکتا اور فوجی تو باقاعدہ حلف لیتے ہیں کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کرینگے لیکن حلف کی خلاف ورزی تمام میڈیا اور ملکی امور چلانے کے ادارے پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام مکمل کنٹرول اور سنسر شپ کے شکار ہیں۔ عدلیہ کے منصف مزاج ججوں کے خلاف ریفرنسز اس کا واضح ثبوت ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اختیار چھیننے سے آج ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوچکا ہے ۔ بیرونی دنیا میں ملکی تاریخ کی بدترین تنہائی اور اندرونی طور پر افراتفری کا شکار ہے ، سویلین حکمرانی ناپید ہوچکی ہے تمام اضلاع کو ایف سی کے کرنل چلارہے ہیں اور تمام سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر ان کے پے رول پر ہیں۔ ملک کی تاریخ کا بدترین دھاندلی زر وزور کی پیداوار سلیکٹڈ حکومت نے عوام پر بدترین مہنگائی ،سخت ترین بیروزگاری ، ٹیکسوںکی بھرمار عوام سے روزگار چھیننے کی مذموم کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں اور پورا ملک بیزاری کا اظہار کررہی ہے۔ ان حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پی ڈی ایم اور اس کے پروگرام کو پذیرائی نے حکمران طبقات میں کھلبلی مچادی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ملک کے تمام سیاسی جمہوری عوام اور پارٹیوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپوزیشن کے جلسوں اور خصوصاً اپوزیشن کے پہلے عظیم الشان کوئٹہ کے جلسہ عام میں شرکت کرکے اپنی جمہوریت پسندی اور حکمرانوں سے بیزاری کا اظہار کریں۔


