سپریم کورٹ ام رباب چانڈیو کے اہلخانہ قتل کیس میں مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہم

اسلام آباد :سپریم کورٹ نے ام رباب چانڈیو کے اہلخانہ قتل پر ازخودنوٹس کیس میں مفرور ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری میں مدد نہ کرنے پر ڈی جی ایف سی بلوچستان کو نوٹس جاری کردیا ۔پیر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا ملزمان پولیس اور ریاست سے زیادہ طاقتور ہیں؟ کیا حیدرآباد پولیس کی ساری نفری بے کار ہے؟ پولیس کے بڑے بڑے افسر ملزمان کے سامنے بے بس ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ پولیس افسران دفاتر سے باہر ہی نہیں نکلتے۔ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ کی عدالت میں سخت سرزنش کی گئی ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا آپ خود کبھی ملزمان کو گرفتار کرنے گئے ہیں؟ نعیم شیخ نے کہا کہ جگہ دیکھی ہوئی ہے کبھی ملزمان کے پیچھے نہیں گیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ملزمان کے پیچھے نہ جانے اور دفتر بیٹھنے پر آپ سے نمٹتے ہیں۔سپریم کورٹ نے مفرور ملزمان کی گرفتاری میں مدد نہ کرنے پر ڈی جی ایف سی بلوچستان کو نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے ڈی جی رینجرز سندھ کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ۔ عدالت نے کہاکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری میں مدد کرکے تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے،ڈی جی ایف سی اور ڈی جی رینجرز سندھ مفرور ملزمان کی گرفتاری میں مدد کریں۔ عدالت نے کہاکہ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی ایف سی کو مدد کے لئے خط لکھا لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں