نفرت اور انتشار کی سیاست کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، قاسم خان سوری
کوئٹہ :ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ طویل مدت تک حکومتوں میں رہنیوالوں نے ملک اور قوم کیلئے کیا کیا، نفرت اور انتشار کی سیاست کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔میڈیا سے گفتگو کترے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے کرپشن کی بناء پر سسیلین مافیا کا نام دیا، وہ بیماری کا بہانہ بناکر ملک سے باہر چلے گئے۔قاسم سوری نے کہا کہ اداروں کے خلاف الزام تراشی قابل مذمت ہے، انہوں نے کہاکہ جس طرح کا جلسہ کوئٹہ میں 2012 ء میں پی ٹی آئی نے کیا تھا ویسا جلسہ اپوزیشن کرکے دکھا دیں ہم انہیں مان جائیں گے، یہ ویسا نہیں بلکہ اس سے آدھا جلسہ ہی کرکے دکھا دیں۔انہوں نے کہاکہ لوگ ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے، اپوزیشن جماعتوں میں کوئی اتفاق نہیں،ہم مختلف شعبوں میں قانون سازی کر رہے ہیں، ہم کسی کی خواہشات پر نہیں بلکہ قانون اور قواعد کے مطابق ملک اور اسمبلی چلائیں گے۔اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ورچول یونیورسٹی کے کانووکیشن سے بھی خطاب کیا اور فارغ التحصیل طلباو طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔


