، نوازشریف آئیں اپنی سزا کاٹیں اور آئین و قانون پر عمل در آمد کریں،شہباز گل

اسلام آباد :وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار نواز شریف، شہباز شریف اور مریم صفدر ہیں،اسلام میں بھی کسی جھوٹے یا مکار کی گواہی کو نہیں مانا جاتا، پاکستان کی عدالتوں میں بھی کرمنل ریکارڈ کے لوگوں کی گواہی نہیں مانی جاتی، ،اشرافیہ کیلئے الگ اور غریب کیلئے الگ قانون نہیں ہونا چاہیے،شریف خاندان کے حوالے سے شہزاد اکبر عوام کے سامنے تفصیلات لے کر آئیں گے،انقلابی ملک سے بھاگتے نہیں، نوازشریف آئیں اپنی سزا کاٹیں اور آئین و قانون پر عمل در آمد کریں،خود واپس نہیں آئے تو عمران خان ان کو واپس لے کر آئیں گے۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اسلام میں بھی کسی جھوٹے یا مکار کی گواہی کو نہیں مانا جاتا، پاکستان کی عدالتوں میں بھی کرمنل ریکارڈ کے لوگوں کی گواہی نہیں مانی جاتی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز نے ان کے بارے میں لکھا ہے کہ مریم صفدر نے جعلی دستاویزات جے آئی ٹی میں جمع کرائی جو اقدام جرم ہے، اس کے بعد تو ان کو بیان بازی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ یہ جیل سے اس لیے باہر ہیں کیونکہ اس وقت انہوں نے کہا کہ میرے والد بیمار ہیں اور میں نے تیمارداری کرنی ہے، یہ رحم کی بھیک مانگتی تھیں اور کہتی تھیں کہ والد کی تیمارداری کے لیے ضمانت دی جائے۔شہباز گل نے کہاکہ اس خاندان کے کملوں نے بھی مال بنایا، چند روز میں شہزاد اکبر عوام کے سامنے تفصیلات لے کر آئیں گے۔کراچی واقعہ پر بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جو سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج آئی اس میں ایک چیز پر ہم نے توجہ نہیں دے سکے تھے، کہا گیا کہ دروازہ توڑا گیا اور پولیس کے علاوہ بھی لوگ آئے اور اداروں کے خلاف ایک بیانیہ دینے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز جو جاری کی گئیں ان میں کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ ایک شخص کو ویڈیو بناتے دیکھا گیا جو ان کا نجی کیمرا مین ہے، اگر دروازہ ٹوٹا ہے تو اس کیمرے کی ویڈیو بھی شیئر کریں۔معاون خصوصی نے کہاکہ آپ کے پاس اپنی ویڈیو ہے تو آپ سی سی ٹی کیوں دے رہے ہیں، یہ سارا ڈرامہ بناوٹی تھا ہر فوٹیج میں اس کیمرا مین کو دیکھا گیا ہے، یہ آپ کے فوٹیج آپ کے پاس ہی ہے تو آپ عوام کے سامنے کیوں نہیں لاتے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بیان دیتے ہیں کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے تحقیقات کی اپیل کرتا ہوں، کیپٹن صفدر نے کہا کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نوٹس لے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ آرمی چیف کو نوٹس لینا چاہیے تاہم مریم صفدر کہتی ہیں کہ حکومت اور عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیے تھا کسی اور کو نہیں۔انہوںنے کہاکہ آپ لوگ گھر میں فیصلہ کرلیں کہ کس سے نوٹس دلوانا ہے‘۔شہباز گل نے کہاکہ سندھ حکومت کی اپنی پولیس تھی، آپ کے کہنے پر اس کے افسران چھٹی پر بھی چلے گئے جو اس سے قبل اومنی گروپ کے گواہان کو بدلنے پر تو کبھی چھٹی پر نہیں گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے مزار کی بے حرمتی سب نے دیکھی یہاں دروازہ توڑنے کی فوٹیج آپ کے پاس موجود ہے آپ وہ ویڈیو کیوں نہیں سامنے لاتیں۔انہوںنے کہاکہ اصل مسئلہ یہی تھا کہ مادر جھوٹ کو مادر ملت بننا ہے، یہ لوگ مریم صفدر کو مادر ملت بنانا چاہتے ہیں جنہیں سپریم کورٹ کی جے آئی ٹی اور اعلیٰ عدالتیں جھوٹا کہہ چکی ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ یہ ڈرامہ اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ این آر او مانگ رہے تھے، ایک سال تک انہوں نے این آر او مانگا، نواز شریف باہر چلے گئے تو انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کو اپنے والد کے دیکھ بھال کے لیے باہر جانے دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے لیے الگ اور غریب کے لیے الگ قانون نہیں ہونا چاہیے، چھوٹے موٹے جرم پر ہزاروں عورتیں جیلیں کاٹ رہی ہیں مگر یہ نواز شریف کی بیٹی ہیں اس لیے باہر گھوم رہی ہیں، یہ حکومت اور عدلیہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم نے کیپٹن (ر) صفدر کو پکڑنا ہو تو بہت چیزیں ہیں اسے پکڑنے کے لیے۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر بھارتی میڈیا نے کہا کہ پاک فوج نے سندھ حکومت کا تختہ الٹ دیا، کسی نے کہا کہ واقعہ میں 2 لوگ مرگئے جبکہ بھارتی فوج کے جنرل سنجے کلکرنی نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان میں خانہ جنگی شروع ہوچکی ہے اور یہاں تک کہ ایک نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے خود کو چین کے آگے فروخت کردیا ہے‘۔شہباز گل نے کہاکہ ان کا سودا تو یہ ہے کہ یہ اپنی کرپشن بچائیں مگر بھارت نے بدلے میں چین، سی پیک، فوج کو نشانہ بنایا، یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ ڈرامہ تھا۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدر ہمیشہ جھوٹ بولتی ہیں، ان کی تعلیم کم ہے اس لیے وہ اتنی گہرائی میں جاکر نہیں سوچ پاتیں اور ان کا ڈرامہ پکڑا جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اب ان سے یہ بیانیہ نہیں چل رہا تو بلوچ طلبہ کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ وہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے خود کو معصوم ثابت کرنا چاہتی ہیں اور اس کیلئے بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ سے مدد لے رہی ہیں جس کا ہدف پاک فوج کو نشانہ بنانا ہے۔انہوںنے کہاکہ ان کا ایک اور ایجنڈا نواز شریف کو انقلابی ثابت کرنا ہے، انقلابی ملک سے بھاگتے نہیں، آئیں اپنی سزا کاٹیں اور آئین و قانون پر عمل در آمد کریں۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے جلسے کے بعد شہلا رضا نے کہا کہ ہم نے کراچی میں کوئی فالتو تقریر نہیں کرائی، یہ انقلابی ہیں یا فالتو پہلے اس کا فیصلہ کرلیں۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے نواز شریف کو ملک واپس لانے کے اعلان کو دوہراتے ہوئے کہا کہ اگر یہ خود واپس نہیں آئے تو عمران خان ان کو واپس لے کر آئیں گے۔انہوںنے کہاکہ انہیں کرپشن کرنے کی پوری خود مختاری چاہیے، جب تک عمران خان کو اللہ نے زندگی دی ہے چیلنج کرتے ہیں کہ آپ کو نہ حکومت میں آنے دیں گے اور نہ کرپشن کرنے دیں گے۔جیو نیوز کے صحافی علی عمران کی گمشدگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ حکومت صحافی علی عمران کے خاندان سے رابطہ کرکے ان کی مدد کرے۔انہوںنے کہاکہ شبلی فراز اور وزارت داخلہ کے درمیان اس بارے میں بات چیت ہوئی ہے اور ہم اس طرح کے کسی بھی اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں