بلوچستان میں ایک دوسرے کیخلاف لڑنے والے متحدہوگئے ہیں،سرفراز بگٹی

کوئٹہ :بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی والے وفاق کو تو سلیکٹڈ حکومت کہتے ہیں بتایا جائے سندھ میں کون سی حکومت ہے، بلوچستان شروع دن سے دشمنان پاکستان کی نظروں میں رہا ہے،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کا تحفظ کرے ، اپوزیشن بلوچستان کے معروضی حالات ضرور دیکھے،کراچی واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہو رہی ہیں ، بلاول بھٹو کی درخواست پر ہی آرمی چیف نے تحقیقات کا حکم دیا ، کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے پہلے قائداعظم کے مزار کی بے حرمتی کا واقعہ ہوا۔ہفتہ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سینیٹر سرفراز بگٹی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جو ہوا اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔ بلاول بھٹو کی درخواست پر ہی آرمی چیف نے تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے پہلے قائداعظم کے مزار کی بے حرمتی کا واقعہ ہوا۔ ہمیں قائد کے مزار کی بے حرمتی پر بھی بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کے پی اور پنجاب میں انجینئرڈ انتخابات ہوئے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں۔ پیپلز پارٹی والے تو وفاق کو تو سلیکٹڈ حکومت کہتے ہیں سندھ میں کون سی حکومت ہے۔ بلوچستان میں ایک دوسرے کے خلاف لڑتے رہے آج سب متحد ہو گئے ہیں۔ بلوچستان شروع سے دشمنان پاکستان کی نظروں میں رہا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کا تحفظ کرے۔ اپوزیشن بلوچستان کے معروضی حالات ضرور دیکھے۔ بھارت افغانستان کے راستے کیا کرا رہا ہے سب کو پتا ہے۔ حالیہ واقعات دیکھ لیں کیا ہوا دشمن کو موقع نہ دیں جلسے سے پریشانی نہیں لیکن بلوچستان کے حالات بھی دیکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں