فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی حمایت پر یورپی یونین کی ترکی کو دھمکیاں
فرانس میں اِس وقت ذہنی طور پر مفلوج شخص حکمران ہے جو دین اسلام کی بے حرمتی اور بدکلامی کررہا ہے،ترک صدر،فوٹو:فائل
ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور اور ان کی سرکاری سطح پر حمایت کے بعد فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی اپیل پر یورپی یونین دھمکیوں پر اتر آیا۔
یورپی کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہےکہ ترک صدر کی جانب سے فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی حمایت ترکی کو یورپی یونین میں شمولیت سے مزید دورکردے گی۔
یورپی کمیشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہےکہ کسی بھی ممبر ملک کی اشیاء کا بائیکاٹ کرنا یونین کے معاہدے کی روح کے خلاف ہے۔
کمیشن کاکہنا ہےکہ ترکی کی جانب سے سرکاری طور پر بائیکاٹ ترکی اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔
ترک صدررجب طیب اردوان نے گذشتہ دنوں ہفتہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے خطا ب میں کہاتھاکہ فرانس میں اِس وقت ذہنی طور پر مفلوج شخص حکمران ہے جو دین اسلام کی بے حرمتی اور بدکلامی کررہا ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی تھی کہ ترک قوم فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کردیں۔
اس سے قبل انہوں نے فرانسیسی صدر کو ’دماغی معائنے‘ کا مشورہ دیا تھا جس کے کے ردعمل میں فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلالیا تھا۔


