پہلی دفعہ ملک میں میرٹ پر احتساب ہورہا ہے: وزیراعظم
چھوٹے چھوٹے مافیاز بیٹھےہیں جو تبدیلی نہیں آنے دے رہے، جن کے مفادات متاثر ہوں گے، وہ اتنے آرام سے تبدیلی نہیں آنے دیں گے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پہلی دفعہ ملک میں میرٹ پر احتساب ہورہا ہے جبکہ چھوٹے چھوٹے مافیا بیٹھے ہیں جو تبدیلی نہیں آنے دے رہے۔
انصاف ڈاکٹرز فورم سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جون کےوسط میں اسپتالوں پر دباؤ تھا، ڈاکٹرز اور نرسز نے مشکل وقت کاسامنا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، چاہتا ہوں اسپتالوں میں میرٹ پر سلیکشن ہو، تمام سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات لائیں گے، اصلاحات آہستہ آہستہ آئیں گی۔
اسلام آباد میں انصاف ڈاکٹرز فورم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے سیاسی حریفوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے چھوٹے مافیاز بیٹھے ہیں جو تبدیلی نہیں آنے دے رہے، جن کے مفادات متاثر ہوں گے وہ اتنے آرام سے تبدیلی نہیں آنے دیں گے، اسپتالوں میں بھی ایسے لوگ تھے جو تبدیلی میں رکاوٹ تھے لیکن تبدیلی آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی دفعہ ملک میں میرٹ پر احتساب ہورہا ہے، ان کو پتا ہے میں بلیک میل نہیں ہوگا، ایسا وزیراعظم آیا ہے یہ جو مرضی کرلیں ان کا احتساب ہونا ہی ہے، یہ پاکستان کافیصلہ کن وقت ہے۔


