بھارتی میڈیا نے میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا‘سردار ایاز صادق کی وضاحت
لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے اپنے بیان کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی میں جو بیان دیا اس میں بھارتی میڈیا کا جو رد عمل آیا وہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور اس کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک چیز واضح ہے کہ ابھی نندن پاکستان مٹھائی بانٹنے نہیں آیا، اس نے پاکستان پر حملہ کیا تھا اور ابھی نندن کے جہاز کو گرانا پاکستان کی فتح تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمانی رہنماؤں کی ابھی نندن سے متعلق میٹنگ بلائی جو تاخیر کا شکار ہوئی، میٹنگ میں تاخیر کی کیا وجہ تھی؟ کیا وہ مودی سے ڈکٹیشن لے رہے تھے ہم سے شیئر کرنا مناسب نہیں سمجھا؟۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے وزیر خارجہ کے توسط سے کہلوایا کہ ابھی نندن کو فوری بھارت کے حوالے کرنا ہے، ابھی نندن کی بھارت حوالگی کا فیصلہ سراسر غلط تھا۔


