وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں پری پول دھاندلی کا آغاز کر دیا ہے، سینیٹر مولابخش چانڈیو

اسلام آباد:سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں پری پول دھاندلی کا آغاز کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں جلسہ کر کے انتخابی ضابطوں کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت قانون توڑتی پھر رہی ہے اور الیکشن کمیشن سویا ہوا ہے، انتخابات کی مہم کے دوران وزیراعظم کیسے وہاں جا سکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر ووٹرز کو ہزاروں کروڑ دینے کے جھوٹے وعدے کرتے پھر رہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب الیکشن مہم سے وفاقی حکومت لرز گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی وزیراعظم خوفزدہ ہو کر خود دوڑے دوڑے گلگت بلتستان پہنچے، عمران خان نے خالی کرسیوں اور سرکاری لوگوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام نے تبدیلی کے نام پر تباہی کے ایجنڈہ کو مسترد کر دیا ہے، اب صوبے بنانے اور دیگر سکیموں کے اعلانات کر کے دھاندلی کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جیالے تیار رہیں اگر دھاندلی ہوئی تو چیئرمن کی قیادت میں اسلام آباد میں دھرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی وقت ہے الیکشن کمیشن آنکھیں کھولے اور اپنا کردار ادا کرے، گلگت بلتستان میں دھاندلی ہوئی تو اس کا حساب اسلام آباد میں آکر لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں