جبری مذہب تبدیلی کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور: جبری مذہب تبدیلی کے خاتمے کیلئے فوری قانون سازی کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔مسلم لیگ(ن)کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے مطالبے میں کہاگیا کہ ایوان جبری مذہب تبدیلی کے واقعات میں اضافے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتا ہے۔جبری مذہب تبدیلی کے واقعات میں روز بروز اضافہ اقلیتی برداری کیلئے شدید پریشانی کا باعث ہے۔ ایوان جبری مذہب تبدیلی اور کم عمر ی کی شادیوں کی ہر گز اجازت نہیں دے گا۔مسیحی اور سکھ برادرای جبری مذہب تبدیلی جیسے افسوسناک واقعات کا نشانہ بن رہی ہے،اس حوالے سے پاکستانی کی اقلیتوں میں شدید تحفظات پائے جا رہے ہیں۔آئین پاکستان ریاست کوتمام شہریوں کو برابری کے حقوق دینے کا پابند کرتا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیاگیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر جبری مذہب تبدیلی کے خاتمے کیلئے قانون سازی کرے،کم عمری کی شادیوں کے ایکٹ میں بھی ترمیم کی جائے اورشادی کیلئے شناختی کارڈ کی شرط لازمی قراردی جائے۔


