موٹروے زیادتی کیس کے ملزم شفقت عرف بگا نے اعتراف جرم کرلیا
لاہور: موٹروے پر زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ملزم شفقت عرف بگا نے اعتراف جرم کر لیا۔موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم شفقت عرف بگا نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔
ملزم شفقت کو سخت سکیورٹی میں تفتیشی افسر ذوالفقار چیمہ نے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا، جہاں ملزم نے بند کمرے میں 164 کا بیان قلمبند کرایا، ملزم نے جوڈیشل مجسٹریٹ نزہت جبین کے سامنے بیان میں کہا کہ میں نے یہ جرم ملزم عابد ملہی کے کہنے پر کیا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم شفقت کا بیان قلمبند کرانے کی اجازت دی تھی، ملزم کے خلاف تھانہ گجر پورہ میں اغوا، زیادتی، ڈکیتی اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
گجر پورہ کے علاقے میں موٹروے پرانسانیت سوز واقعہ سامنے آیا تھا۔ گوجرانوالہ کی رہائشی ثنا نامی خاتون اپنی بہن سے ملنے کے لیے لاہور آئی تھیں۔ واپسی کے دوران ثنا کی کار کا پیٹرول ختم ہوگیا، انہوں نے اپنے عزیز سردار شہزاد کو اطلاع کردی اور وہ مدد کے انتظار میں گاڑی سے اتر کر کھڑی ہوگئیں۔
اس دوران دو مشکوک افراد خاتون کی جانب آئے، جنہیں دیکھ کرخاتون اپنے بچوں کے ساتھ گاڑی میں محصورہوگئی ۔ ڈاکوؤں نے خاتون کو شیشے کھولنے کے لیے کہا جب خاتون نے شیشے نہ کھولے تو ڈاکوؤں نے شیشے توڑ کر گن پوائنٹ پر اس کو گاڑی سے اتار کر کیرول گھاٹی میں واقع کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ بعد ازاں خاتون کی حالت غیر ہونے پر دونوں خاتون کو وہیں پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ڈاکو خاتون سے ایک لاکھ نقدی ، 2 تولے طلائی زیورات، ایک عدد برسلیٹ، گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ اور 3 اے ٹی ایم کارڈز لے کر فرار ہو گئے۔
خاتون کا عزیز سردار جب گاڑی کے پاس پہنچا تو خاتون وہاں سے غائب تھی اور گاڑی کے شیشے کیساتھ خون لگا ہوا تھا ۔ خاتون کے عزیز نے خاتون کو تلاش کرنے کی کوشش کی تو کرول گھاٹی کے جنگل کے پاس خاتون گاڑی کی طرف آتی ملی جس پر خاتون نے روتے ہوئے اپنے عزیز کو ساری بات کے بارے میں آگاہ کیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر فرانزک اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ پولیس نے خاتون کے رشتہ دار سردار شہزاد کے بیان پر مقدمہ درج کرکے سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی، جب کہ خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بھی زیادتی ثابت ہوئی۔


