کرونا وائرس،”احساس سیلانی موبائل لنگر“کا آغاز

اسلام آباد:غریب اور نادار طبقہ کو ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم کے احساس پروگرام کے تحت ”احساس سیلانی موبائل لنگر“ جیسے ایک منفرد اقدام کا آغاز کیا گیاہے۔احساس موبائل لنگر سکیم کا مقصدبنیادی طور پر بے گھر، پسماندہ اور غریب مرد و خواتین کو مفت کھانا فراہم کرنا ہے۔ کم تنخواہ لینے والے دیہاڑی دار مزدور بھی اس اسکیم سے مستفید ہوں گے۔احساس موبائل لنگر یونٹ کا آغاز وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے خاتمہ غربت وسماجی تحفظ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے فیض آباد بس اسٹیشن سے کیا۔اس موقع پر صدر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ، یوسف لاکھانی بھی معاون خصوصی کے ہمراہ موجود تھے۔سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے ساتھ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے ان احساس سیلانی موبائل لنگرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔کرونا وائرس سے بچاؤ کی حکمت عملی کے تحت زیادہ لوگو ں کے ایک جگہ اکٹھے ہونے کی ممانعت کی جا رہی ہے تاکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کا تدارک کیا جا سکے۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق جاری حکومتی ہدایات کے پیش نظر، ان موبائل لنگرز کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ اس موبائل لنگر کے ذریعے روزانہ غریب افراد کو دو وقت کا کھانا مفت فراہم کیا جائے گا۔یہ موبائل لنگر شہر کے مختلف مقامات؛ بس اڈوں، ہسپتالوں اور فیکٹری ایریااور ریلوے اسٹیشن پرجا کرڈسپوزبل پیکٹ میں بندکھانا تقسیم کرے گا۔اس موقع پر موجود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے خاتمہ غربت وسماجی تحفظ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ غریبوں اور محتاجوں کو کھانا کھلانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں