چشمہ اچوزئی میں قبضہ مافیا کیخلاف کاروائی کی جائے، معتبرین
کوئٹہ : چشمہ اچوزئی کے قبائلی معتبرین ملک عنایت اللہ کاسی،پروفیسر حنیف بازئی،حضرت افغان نے کہا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ چشمہ اچوزئی میں قبائل کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے لینڈ مافیا کے خلاف کاروائی کرے اور زمینوں کو اسکے اصل اورقانونی مالکان کے حوالے کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کومحمد طاہر،باچا خان،حاجی مقصود احمد،محمد ایمل،ملک امین اللہ اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ملک عنایت اللہ کاسی نے کہا کہ چشمہ اچوزئی کے قبائل صدیوں سے اپنی آبائی زمینوں پر آباد ہیں اور خوشحال و پرامن زندگی گزاررہے ہیں اوریہ زمینیں کاسی اورکاکڑ قبیلے کی جدی،پشتی ملکیت ہیں جو انکے اپنے قدرتی چشمے سے سیراب ہوتی ہیں انہی زمینوں کے کچھ حصے پر عرصہ دراز سے کچھ خانہ بدوش موسم کے اعتبار سے سردیوں میں سبی وغیرہ اور گرمیوں میں یہاں گرمیاں گزارنے آتے تھے پھر انہی خانہ بدوشوں نے لینڈ مافیا اورقبضہ مافیا کی سرپرستی میں قبضہ جمانا شروع کردیا اورگزشتہ دو ہفتوں سے لینڈ مافیا کی مشہور گروپوں کے ساتھ ملکر اس قبضے کو توسیع دینے کیلئے ان زمینداروں کی خالی زمینوں پر بھی قبضہ کرنے کی مذموم کوشش کی اوران زمینوں پر جگہ جگہ قبضے کے نشانات لگادیئے جب علاقے کے زمیندار اپنی زمینوں کا معائنہ کرنے کیلئے گئے تو وہاں موجود لینڈ مافیا اور جرائم پیشہ افراد جو جدید اسلحہ سے لیس تھے زمینداروں پر بلاجواز فائرنگ اورپتھراو کرکے کلی کے ایک درجن کے قریب زمینداروں کو زخمی کردیا اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ انہی زمینوں کے حوالے سے عدالت عالیہ اور علاقے کے معتبرین پر مشتمل ثالثی جرگہ کے معتبرین پر مشتمل تھانے فیصلے مقامی زمینداروں کے حق ملکیت کو تسلیم کرتے ہوئے زمینداروں کے حق میں فیصلہ دیا اور عدالت نے ان قابضین کے قبضہ اور جگیوں کو ہٹانے کا حکم دیا اور زمینداروں نے کمشنر کوئٹہ اور ضلعی انتظامیہ کو کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کیاجس کے ردعمل میں لینڈ مافیا نے گاوں کے دیگر پرامن اور نہتے زمینداروں پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کمشنر کوئٹہ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر افسران اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عدالت کے فیصلے اور ہمارے حق کو تسلیم کرتے ہوئے ہمیں تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ فوری طور پر لینڈ مافیا کے افراد کے خلاف کارروائی کرکے ہمادری پدری اراضیات کو اصل اورقانونی مالکان کے حوالے کریں اور ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔


