ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں، جمعیت کو تقسیم کرنے کی سازش کی جارہی ہے، مولانا واسع

کوئٹہ : جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام نے کبھی ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کرے گی، جے یو آئی کا ہر کارکن مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے حکم کا پابند ہے اور ان کے حکم پر ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے، ملک میں مہنگائی کے ذریعے حکمران کرپشن اور لوٹ مار چھپانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوام جمعیت علماء اسلام کے امیدواروں کو کامیاب بنائے، جے یو آئی نے پہلے کبھی دھاندلی کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کرے گی اور اگر ایسا ہوا تو جمعیت علماء اسلام کے کارکن سڑکوں پر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے شروع دن سے جدوجہد کررہی ہے۔ جمعیت علماء اسلام ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جنہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے میدان عمل میں رہی ہے۔ جے یوآئی ملک کی واحد مذہبی جماعت ہے جنہوں نے پارٹی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نہ ہی کرے گی۔ امیر جمعیت علماء اسلام جو بھی بیانیہ دیں گے ان کے فیصلے پر کارکن لبیک کریں گے۔ جمعیت علماء اسلام کے کارکن آپس میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے دشمن کے عناصر کو ناکام بنائے کیونکہ دشمن ایک سازش کے تحت جے یو آئی مختلف دھڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اورجمعیت علماء اسلام کے خلاف شروع دن سے لے کر آج سازشیں کی جاتی رہی ہیں مگر جمعیت کے کارکنوں نے ان تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔ امیر جمعیت علماء اسلام پارٹی کے قائد ہے جس کے ہر حکم کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیا گیا ہے جنہوں نے اقتدار سے قبل عوام کو جو سبز باغ دکھائے 3سال گزرنے کے باوجود بھی ایک بھی وعدہ وفا نہیں کرسکے ہیں بلکہ آج ملک میں مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کو دو وقت روٹی کو عاجز آچکے ہیں۔ ملک میں چینی اور آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرکے اپنے ہی من پسند لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچایا گیا اور اب اپنی حکومت بچانے کے لئے پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام پر الزامات لگائے جارہے ہیں مگر یہ سال موجودہ حکومت کے لئے آخری سال ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں