عمران خان کی مسلم لیگ(ق) کو خدشات دور کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ(ق) کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کے تمام تحفظات اور خدشات کو دورکیا جائیگا۔ سینیٹ اور آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں نے گلے شکوے ختم کرکے مستقبل میں ساتھ چلنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی جس کے بعد چوہدری شجاعت کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان نے 25منٹ تک بند کمرے میں چوہدری شجاعت، چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری مونس الٰہی اور چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ ق کی جانب سے اٹھائے جانیوالے تمام تحفظات اور خدشات کو وزیراعظم نے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ مسلم لیگ ق نے پنجاب اورقومی اسمبلی میں بعض امور پر گفتگو کی جسے وزیراعظم نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ان کے تمام تحفظات کو دور کرکے مستقبل میں اہم اتحادی کے طور پر ساتھ چلیں گے۔ ذرائع نے بتایا وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ذاتی کوششوں کے بعد یہ ملاقات ہوئی۔سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ سیاسی معاملات میں ان کے شانہ بشانہ چلیں گے اور مستقبل میں انہیں ق لیگ کی جانب سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔ 25منٹ تک بند کمرے ہونیوالی ملاقات میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔(رومان اختر)

اپنا تبصرہ بھیجیں