کراچی،اسٹیل مل ملازمین کا احتجاج،ریلو ے کا نظام معطل ہوگیا

کراچی :پاکستان اسٹیل مل کے برطرف ملازمین کی جانب سے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیئے جانے کے باعث کراچی سے اندرون ملک ریلوے کا نظام معطل ہوگیا ہے۔برطرف ملازمین نے اپنی بحالی تک ریلوے ٹریک بلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل مل سے برطرف ہزاروں ملازمین کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔منگل کو برطرف ملازمین کی بڑی تعداد نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دے دیا اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ملازمین کے احتجاج کے باعث کراچی سے اندرون ملک ریلوے کا نظام معطل ہوگیا ہے۔برطرف ملازمین کا کہنا ہے کہ ہم مرنے یا مارنے کے لیے ریلوے ٹریک پر آگئے ہیں۔جب تک وفاقی حکومت اپنا فیصلے واپس نہیں لے گی ریلوے ٹریک کو بلاک رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر حماد اظہر ایک دن بھی اسٹیل مل نہیں آئے وہ میڈیا پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ہم ریاست کے باعزت شہری ہیں۔ہماری جبری برطرفیوں کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔آل ایمپلائیزایکشن کمیٹی کے کنوینر و صدر پاسلو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور فیصلے کو واپس لیا جائے اور ملازمین کو نوکریوں پر بحال کیا جائے۔گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے زیر انتظام چلنے والی پاکستان اسٹیل ملز سے 4ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا تھا جس کے بعد سے ملازمین کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان اسٹیل ملز کے مطابق جبری طور پر برطرف کیے گئے ملازمین میں گریڈ2، 3، 4 کے ملازمین کے علاوہ جونیئر آفیسرز(جے اوز)اسسٹنٹ منیجرز، ڈویژنل منیجر، ڈی سی ای، ڈی جی ایم اور منیجرز بھی شامل ہیں۔ملازمین کو اسٹیل مل کی جانب سے بذریعہ ڈاک برطرفی کے خطوط ارسال کیے گئے تھے۔ادھر ریلوے ذرائع کے مطابق ملازمین نے اسٹیل مل پل کے نیچے ریلوے ٹریک پردھرنادیاہواہے۔ریلوے ٹریک پردھرنے کی وجہ سے اپ اورڈاون ٹریفک معطل ہے۔احتجاج کے باعث کراچی ایکسپریس،رحمان بابا،گرین لائن،شاہ حسین اورتیزگام مختلف اسٹیشنوں پرروکی ہوئیں ہیں۔گاڑیاں صبح گیارہ بجے سے مختلف اسٹیشنوں پررکی ہوئی ہیں۔ ہزاروں مسافرمختلف اسٹیشنوں پرپھنسے ہوئے ہیں۔کراچی سے اندرون ملک جانے والی گاڑیاں بھی متاثرہیں۔پاکستان ایکسپریس،علامہ اقبال اورقراقرم کوڈرگ روڈ،ملیراورلانڈھی اسٹیشنوں پرروکا ہواہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دوپہرایک بجے سے رات گیارہ بجے تک چودہ گاڑیاں اندرون ملک روانہ ہوتی ہیں،اندرون ملک سے آنے والی گاڑیاں کراچی پہنچ کرواپس جانے کیلیے تیارہوتی ہیں،گاڑیوں کے کراچی کینٹ تاخیرسے پہنچنے پرواپس جانے والی گاڑیاں بھی تاخیرکاشکارہونگی۔دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری اسٹیل مل پل کے قریب موجود ہے لیکن تاحال اس کو ٹریک کلیئر کرانے کے احکامات نہیں دیئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں