سردی میں استعمال ہونے والی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد:ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سردی کے دوران استعمال کی جانے والی اکثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 17اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انڈے، چکن، ایل پی جی اور آگ جلانے والی لکڑی مہنگی ہوگئی، چکن 22 روپے 78 پیسے فی کلو اور انڈے 5 روپے 71پیسے فی درجن مہنگے ہوئے ہیں۔ملک میں اس وقت انڈے کی قیمت فی درجن 182روپے 56پیسے ہو چکی ہے جب کہ ایل پی جی کا گھریلواستعمال کا سلنڈر 4روپے 16پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ آگ کے لیے استعمال کی جانے والی لکڑی قیمت میں سات روپے 67پیسے فی من کا اضافہ ہوا ہے۔ گھی کی فی کلو قیمت میں 2.64روپے اوردہی کی قیمت میں 1.07روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دال مونگ، تازہ دودھ، پاوڈر دودھ اور دال ماش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.23فیصد کمی ہوئی ہے اور 13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 21اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر، پیاز، آلو، لہسن،چینی، آٹا اور لہسن کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جب کہ دال چنا، دال مسور اور گوشت کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں