زرداری حالات سے بھرپو رفائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے‘شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست مینا رپاکستان پر جلسے سے اوپر گئی تھی اور اپوزیشن والے اسی مینار پاکستان سے نیچے آئیں گے،جو کہہ رہے تھے آٹھ دسمبر کو آر یا پار ہوگا ایسا کچھ نہیں ہوا لیکن وہ بیچ منجدھار ہو گئے،اگر یہ وزیر اعظم سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو کس سے مذاکرات چاہتے ہیں،کیا یہ نواز شریف کے بیانیے کی نفی نہیں ہے، پیپلز پارٹی تاش چھاتی کے ساتھ لگا کر کھیل رہی ہے،پی ڈی ایم کی سیاست بند گلی میں داخل ہو رہی ہے اور آگے گڑھا ہے، 13دسمبر کے بعد عمران خان کے لئے خوشخبریاں ہیں، پاکستان کے سارے سیاسی چوہدری مر بھی جائیں لیکن وزیر اعظم کا قرعہ فضل مولانا فضل الرحمان کے نام نہیں نکلے گا، مہنگائی میں کمی کا رجحان ہے،آٹے کی قیمت میں 4سے6اور چینی کی قیمت میں 20سے 25روپے کمی ہوئی ہے، اپوزیشن پر مقدمات ہلکی پھلکی موسیقی ہے بلکہ ہلکے پھلکے مقدمات سے تو ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 13کے ہندے کو یورپ او رامریکہ میں ویسے ہی مناسب نہیں سمجھا جاتا بلکہ اس پر سوالیہ نشان ہے، مولانا فضل الرحمان نے اسلام کی بجائے اسلام آباد پر نظر رکھی ہوئی ہے، یہ سمجھتے ہیں چودہ، پندرہ سیٹوں سے یہ پاکستان کی تقدیر بد ل سکتے ہیں ایسا نہیں ہے البتہ دین کی ضرور خدمت کر سکتے ہیں، سیاست کی بھوک انہیں کسی طرف کا نہیں چھوڑے گی۔ یہ ہاتھ آسمان کو لگائیں یا پاؤں زمین پر رکھیں استعفوں سے اسمبلی کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا، یہ یاد رکھیں کہیں ایسا نہ ہو کہ لوگ سیاست سے ہی تنگ آ جائیں۔ اپوزیشن والے بڑے شوق سے جنوری میں اسلام آباد جائیں جہاں شدید سردی ان کا استقبال کرے گی، یہ صرف مارچ میں سینیٹ کے انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد عمران خان کو اکثریت ملے گی او ران کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ کہنا کہ آئیں اسمبلی میں ڈائیلاگ کریں سیاسی سوچ ہے۔ اگر یہ وزیر اعظم سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو بتائیں پھر کس سے کرنا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم والے جہاں مذاکرات کی بات کر رہے ہیں وہ تو نواز شریف کے بیانیے کی نفی ہے، یہ ایک ٹکٹ میں دو مزے لینا چاہتے ہیں،”یہ انکی حیثیت اور خدمات کو مانتے ہیں“،یہ جو خواہش رکھتے ہیں، ان کی جوپھڑکتی رگ ہے وہ تو نوازشریف کے بیانیے کی مخالفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تاش چھاتی سے لگا کر کھیل رہی ہے، میں پیشگوئی کر رہا ہوں پی ڈی ایم جو تحریک چلا ری ہے وہ اس کے بینفشری نہیں ہو ں گے، پی ڈی ایم کی سیاست بند گلی میں جارہی ہے اور آگے گڑھا ہے جہاں پر بہت عرصے تک جمہوریت گری رہی ہے۔ بینظیر بھٹو کو 85ء کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا افسوس تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو سرحدوں سے نقصان نہیں پہنچاسکتا اس لئے وہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کیلئے سازشیں کر رہا ہے، آج بھی شاہدرہ سے پانچ دہشتگرد پکڑے گئے ہیں او رلاہور میں ہائی الرٹ ہے۔ یہ اپنے بچوں کو تو محفوظ گھروں میں رکھتے ہیں کہتے ہیں غریب کا بچہ ان کے لئے خود کشی کرے، آپ نے غریب کو دیا کیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، ماضی کے حکمرانوں کے غلط معاشی بیانیے کی وجہ سے ہی مہنگائی ہوئی،2021ء اہم ترین سال ہے یہ جوڈو کراٹے والا سال بھی ہو سکتا ہے۔ یہ ایک شخص کے لئے سارے ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگانا چاہتے ہیں یہ سیاسی کم عملی اور پستی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں بڑا صبر و تحمل ہے، اس کی حکمت عملی مختلف ہوتی ہے، پہلے نظریہ ضرورت یا کچھ او رہوتا تھا، موجودہ حالات میں فوج نے آنکھیں اور کان کھلے رکھے ہوئے ہیں او روہ حالات سے بے خبر نہیں ہیں، جو دل میں خواہشیں رکھے بیٹھے ہیں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ملک میں مارشل لاء نہیں آئے گا، تیرہ دسمبر کے بعد عمران خان کیلئے خوشخبری دیکھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آصف زردای چھٹا بحری بیڑہ ہے، وہ حالات کی نوعیت سے واقف ہے اور ان سے بھرپو رفائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔پیپلز پارٹی سندھ حکومت سے کیوں استعفے دے گی، جیلوں میں استحقاق ممبر شپ کی وجہ سے حاصل ہے۔ مریم نواز نے اپنے چچا او رکزن کو مروایا، ان کا آدھا ٹبر باہر اور آدھا جیل میں ہے، شہباز شریف کے کیسز انتہائی سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسے لوگ ہیں جو انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، ملک میں دہشتگردی، معاشی تباہی اور انتشار او رخلفشار پھیلانے کیلئے سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے لیگی رہنماؤں پر مقدمات کے حوالے سے کہاکہ یہ تو ہلکی پھلکی موسیقی ہے، جینوئن مقدمات ہوں گے تو انہیں لگ پتہ جائے گا، ہلکے پھلکے کیس بنا کر تو بیوقوف ان کی کمپنی کی مشہوری کر رہے ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف گولی دے کر ہاتھ سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا، بزنس مین بڑا چالاک ہوتا ہے،(ن) سے (ش، ل،م) ضرور نکلے گی بلکہ بڑا گروپ نکلے گا، استعفے دینے کے بعد لوگوں نے مستقبل میں انتخابات میں حصہ نہیں لینا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں