نوازشریف، زرداری اور مولانا کے پیچھے یہودی لابی کام کررہی ہے، جلیل شرقپوری

لاہور کا جلسہ ملکی مفاد میں ہوتا تو اس میں شرکت کرتا، استعفیٰ بھی دے دیا، ناراض ن لیگی ایم پی اے
مسلم لیگ ن کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ انتشارپرمبنی عمل ہے، ملک کے با شعورعوام قطعی شرکت نہ کریں۔
جلیل شرقپوری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے مقدمات ختم کرانے کے لیے پی ڈی ایم اکٹھی ہوئی ہے، لاہور کا جلسہ ملکی مفاد میں ہوتا تو اس میں شرکت کرتا، انتشاری جلسہ کے خلاف ہوں، نواز شریف نے مسلم لیگ کو مضبوط کیا، مریم اسے ختم کررہی ہیں، نوازشریف، زرداری اور مولانا کے پیچھے یہودی لابی کام کررہی ہے۔
لیگی ارکان کا احتجاج، باغی رکن میاں جلیل شرقپوری کے سر پر لوٹا رکھ دیا گیا
جلیل شرقپوری نے کہا کہ نواز شریف سے زیادتی ہوئی لیکن ملک کو انارکی کی طرف نہ لے جائیں، ملکی مفاد میں ہوا تو میں بھی استعفی دے دوں گا، موجودہ تحریک ملکی مفاد کے خلاف ہے، چوہدری نثار کا بیانیہ درست تھا وہ بھی انتشار کی سیاست کے خلاف تھے۔
جلیل شرقپوری نے کہا کہ عمران خان سے کچھ غلطیاں ضرور ہوئی ہیں لیکن انکی پالیسیاں درست ہیں، نواز شریف پارلیمنٹ سے باہر مولانا فضل الرحمان کے پیچھے چلتے ہیں اور پارلیمنٹ کے اندر اپنے پیچھے چلانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جنہیں بعد ازاں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا جب کہ ان ارکان میں مولانا غیاث الدین، فیصل نیازی، میاں جلیل شرقپوری بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں