کراچی: بلاول چورنگی پر کھڑی گاڑی میں نصب بم ناکارہ بنادیا گیا
کراچی: بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بلاول چورنگی پر ملنے والا بم ناکارہ بنادیا۔ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق مشکوک موٹرسائیکل میں بم کی اطلاع ون فائیو مددگار پر دی گئی تھی جس پر پولیس اور بی ڈی ایس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور 200 میٹر کے علاقے کو گھیرے میں لے کر شہریوں سے خالی کرالیا گیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ بم ڈبل کیبن گاڑی میں نصب کیا گیا تھا اور گاڑی بلاول ہاؤس کے سامنے یبنک پر گھڑی تھی۔ایس ایس پی کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنادیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ چلتی ہوئی گاڑی میں میگنیٹک بم چپکایا گیا تھا جب کہ گاڑی میں غیر ملکی تھے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی نے بتایاکہ بی ڈی ایس کی حتمی رپورٹ کے بعد تفصیلات بتا سکیں گے جب کہ ممکنہ طور پر ڈیوائس دھماکے کے لیے ہی لگائی گئی تھی، گاڑی کلفٹن کے ایک ریسٹورنٹ کی ملکیت تھی اورگاڑی میں سوار افراد یسٹورینٹ کے ملازمین تھے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈیوائس کے ساتھ ایک کلوگرام کے برابربارودی مواد تھا، ملزمان نے دور جاکر ریموٹ سے بم پھاڑنے کی کوشش کی، بم کے ساتھ منسلک ڈیٹونیٹر پھٹ گیا مگر ڈیوائس نہیں پھٹی، ڈیوائس میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے دھماکانہیں ہوا۔


