کورونا وائرس، اقوام متحدہ کا دو ارب ڈالر کے امدادی منصوبے کا آغاز

نیویارک:کورونا وائرس سے پوری انسانیت کو خطرہ لاحق ہے جس کے تناظر میں اقوام متحدہ نے دنیا کے غریب ترین اور انتہائی کمزور لوگوں کی مدد کے لیے ایک انسانی ہمدردی کا منصوبہ شروع کردیا جس میں 2 ارب ڈالر عطیہ کیلئے اپیل کی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے کہا کہ کورونا وائرس پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے (لہٰذا) پوری انسانیت کو ایک ساتھ اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اقدامات اور یکجہتی انتہائی اہم ہے کیونکہ ممالک کے انفرادی ردعمل کافی نہیں ہوں گے۔سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اقوام متحدہ کا منصوبہ دنیا کے غریب ترین ممالک میں وائرس سے لڑنے کی صلاحیت پیدا کرنا اور انتہائی کمزور لوگوں خاص طور پر خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور یا دائمی بیماری میں مبتلا افراد کی ضروریات کو حل کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر مکمل مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے تو اس سے بہت ساری جانیں بچ جائیں گی۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ متعلقہ این جی اوز کے ذریعے طبی ساز وسامان اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی فراہمی ممکن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا تدارک نہیں کیا گیا تو دیگر امراض جیسے ہیضہ اور خسرہ کی وبا پھوٹ سکتی ہیں اس لیے کمزور ممالک کے لیے قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔80 صفحات پر مشتمل کتابچے میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کا یہ منصوبہ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ذریعہ عمل میں لایا جائے گا۔اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ اس رقم کا استعمال مختلف مقاصد کے لیے کیا جائے گا جبکہ کچھ ممالک کی صحیح ضروریات کے بارے میں معلومات ابھی بھی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں