اپوزیشن نے نیب کیخلاف سینیٹ کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرادی
اسلام آباد:اپوزیشن نے نیب کے خلاف سینیٹ کا اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن جمع کرادی جبکہ اپوزیشن نے نیب کے خلاف دو قراردیں بھی جمع کرادیں۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتیں نیب کے خلاف ایک پیج پر آگئیں۔ قرارداد کے متن اور تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی چیئرمین نیب اور ڈی جی کے خلاف تحریک استحقاق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔اپوزیشن نے چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب راولپنڈی کو پارلیمان طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے اس کے ساتھ ہی اپوزیشن کی جانب سے نیب کے تمام حکام کے اثاثوں کی چھان بین، نیب حکام کی تقرریوں، ڈومیسائل، ڈگریوں اور اثاثوں کی تفصیلات پارلیمان میں پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ اپوزیشن کا کہناہے کہ نیب حکام کے تقرریوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نیب حکام کے تقرری کے وقت اثاثوں اور موجودہ وقت میں اثاثوں کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں،۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کا کہنا ہے ملک میں نیب کی جانب سے انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔لوگ نیب کی تحویل میں جاں بحق ہوئے، تاجر برادری شدید دباو میں ہے۔سینیٹ کا اجلاس بلاکر نیب کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ زیر بحث لایا جائے۔ #/s#


