کوئٹہ، لسبیلہ اور گوادر میں لیویز اہلکاروں ں کو پولیس افسران کے ماتحت کام کرنے کے احکامات جاری
کوئٹہ:حکومت بلوچستان نے کوئٹہ،لسبیلہ اور گوادر کے لیویز اہلکاروں کومتعلقہ اضلاع کے ایس ایس پی اور ایس پی کی نگرانی میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کردی۔محکمہ داخلہ وقبائلی امور بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ بلوچستان لیویز فورس ایکٹ 2010ء کے سیکشن (4)9اور 5 اور مذکورہ حکام کی منظوری کے تحت محکمہ داخلہ وقبائلی امور کوئٹہ،لسبیلہ اور گوادر کی لیویز فورس کو متعلقہ اضلاع کے ایس ایس پی اور ایس پی کی نگرانی میں اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان حکومت نے 19مئی کو اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود صوبے کے 3 اضلاع کوئٹہ،گوادر اور لسبیلہ کی لیویز فورس کے پولیس میں انضمام کا نوٹیفکیشن جاری کردیاتھا،نوٹیفکیشن میں کہاگیاتھاکہ ضلع کوئٹہ، لسبیلہ اور گوادر کے اے ایریا میں شامل ہونیکا اعلان کیا جاتا ہے جس کے مطابق یہ علاقے اب آئندہ کسی نئے حکم نامے تک بلوچستان پولیس کی حدود میں شامل ہیں۔یاد رہے کہ بلوچستان میں لیویز کو پولیس میں دوسری مرتبہ ضم کیا گیا ہے، اس سے قبل 2005 میں پولیس آرڈینس 2002 کے تحت پورے صوبے کو اے ایریا قرار دے کر لیویز کو پولیس میں ضم کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی کابینہ کے فیصلے کو مسترد کیا تھا بلکہ حکومتی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی نے بلو چستان کے تین اضلا ع کو ئٹہ،لسبیلہ اور گوادر میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کر نے سے متعلق محکمہ داخلہ و قبا ئلی امور کے جا ری کر دہ نو ٹیفیکیشن کو بلو چستان ہا ئی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھاآئینی درخواست میں موقف اختیارکیاگیاتھا کہ حکومت کا لیویز کو پولیس میں ضم کر نے سے متعلق جا ری کیا گیا نو ٹیفیکیشن لیویز فورس ایکٹ 2010 سے متصادم ہے بلکہ ایسے میں صوبائی اسمبلی سے ترمیم کئے بغیر 3اضلاع کے لیویز فورس کا پو لیس میں انضمام سے متعلق جا ری کر دہ نوٹیفکیشن بھی غیر قانونی ہے اس لئے جا ری کئے گئے نو ٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔


