علی وزیر کو راہداری ریمانڈپر سندھ پولیس کے حوالے کردیا گیا
پشاور: گرفتار رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو راہداری ریمانڈ منظور ہونے پر سندھ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔وزیرستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی کو گزشتہ روز پشاور کے تھانہ شرقی کے اہلکاروں سے گرفتار کیا تھا۔علی وزیر کے خلاف ملک مخالف تقریر پر کراچی میں مقدمہ درج ہوا تھا اور سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کو ان کی گرفتاری کی درخواست کی تھی۔چنانچہ جمعرات کو انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ نورالحق کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں جوڈیشل میجسٹریٹ نے سندھ پولیس سے اصل کاغذات منگوائے اور کہا کہ علی وزیر کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ابتدا میں سندھ پولیس کی جانب سے پیش کردہ کاغذات نامکمل ہونے پر پشاور پولیس نے علی وزیر کو واپس تھانے منتقل کیا تھا تاہم بعد میں سندھ پولیس کی جانب سے عدالت کی ہدایت پر مکمل کاغذات جمع کروادیے گئے۔اس حوالے سے جاری عدالتی حکم نامے میں کہا کیا گیا کہ کراچی کے ضلعی شرقی کے تھانے سہراب گوٹھ کے انسپکٹر محمد نواز نے ملزم کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ دینے کی درخواست کی۔حکم نامے میں کہا گیا کہ راہداری ریمانڈ کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا اس لیے اسے منظور کیا جاتا ہے۔عدالتی حکم کے مطابق کراچی میں علی وزیر کو متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق بعدازاں سندھ پولیس علی وزیر کو لے کر پشاور سے اسلام آباد روانہ ہوگئی جہاں انہیں بذریعہ ہوائی جہاز کراچی منتقل کیا جائے گا۔


