وفاقی کابینہ کا شو آف ہینڈز کا فیصلہ قانون و آئین سے متصادم ہے، رضا ربانی

اسلام آباد :سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کا شو آف ہینڈز سے متعلق فیصلہ قانون اور آئین سے متصادم ہے۔ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پھر شو آف ہینڈز کے ذریعے سینیٹ انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا یہ فیصلہ قانون اور آئین سے متصادم ہے، آئین میں ترمیم کا طریقہ کار آئین میں درج ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا سینیٹ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کی رائے لینے کا فیصلہ غیرقانونی ہے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی رائے آئین کی دفعات کو ختم نہیں کرسکتی، شوآف ہینڈز اور سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجنے کے فیصلے کی وزیراعظم نے تصدیق کی۔رضا ربانی نے کہا کہ شو آف ہینڈز سینیٹ کے تصور اور تشکیل کو تبدیل کر دے گا، کسی اور طریقہ کار سے قوم پرست، چھوٹی مذہبی جماعتوں کی وفاق میں نمائندگی ختم ہوجائیگی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے وفاق اور قوم پرستوں میں تقسیم اور تناؤمیں اضافہ ہوگا، سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی نے خفیہ قابل سراغ ووٹ کی تجویز دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں