غزنی کے ضلع قرہ باغ میں طالبان جنگجوؤں کے اجتماع پر فضائی حملہ‘ 30عسکریت پسند مارے گئے‘ 10زخمی
غزنی(شِنہوا)افغانستان کے مشرقی صوبہ غزنی میں دھماکے کے نتیجے میں 11بچوں سمیت 15افراد جاں بحق اور 20زخمی ہوگئے جبکہ طالبان جنگجوں کے اجتماع پر فضائی حملے میں کم از کم 30 عسکریت پسند مارے گئے اور10زخمی بھی ہوگئے۔وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے جمعہ کے روز بتایا کہ مشرقی صوبہ غزنی کے ضلع گیلان میں ایک دھماکے کے باعث کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 20 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکہ خیز مواد سے بھرا ہوا رکشہ اس وقت پھٹا جب وہاں مقامی وقت 2 بجے ایک گھر میں قرآن مجید کی تلاوت جاری تھی جس کے باعث 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 20 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں سمیت تمام متاثرین عام شہری ہیں۔طالبان اور سخت گیر عسکری تنظیم داعش سمیت کسی بھی عسکریت پسند گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔دوسری جانب مشرقی صوبہ غزنی کے ضلع قرہ باغ میں طالبان جنگجوں کے اجتماع پر فضائی حملے میں کم از کم 30 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔صوبائی حکومت کے ترجمان وحید اللہ جمعہ زادہ نے شنہوا کو بتایا کہ طالبان باغیوں کا ایک گروہ سیکورٹی چوکیوں پر حملہ کرنے کیلئے ضلع قرہ باغ کے علاقے قرسی میں جمع ہوا تھا لیکن سیکورٹی فورسز کے جنگی طیاروں نے قبل از وقت کارروائی کرتے ہوئے جمعہ کی صبح اجتماع پر حملہ کیا جس سے 30 افراد موقع پر ہی مارے گئے۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران 10 مزید باغی زخمی بھی ہوئے ہیں۔


