سینیٹ ہی نہیں قومی اسمبلی کے انتخابات بھی قبل ازوقت ہونے چاہئیں،سراج الحق

حیدرآباد :امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سینیٹ ہی نہیں قومی اسمبلی کے انتخابات بھی قبل ازوقت ہونا چاہیے۔سینیٹ کا انتخابی طریقہ کار تبدیل ہونا چاہیے لیکن حکومت کا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں اپنے اراکین پر اعتماد نہیں رہا یہی فکر حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں کو بھی ہے۔
شفاف اور متناسب نمائندگی پر انتخابات وقت کی ضرورت ہے۔قرآن و سنت کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔جو صرف عوام سے ووٹ کے لیے نہیں بلکہ عوام کی اصلاح اور دنیا و آ خرت میں بھی ان کی کامیابی چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاکھا مسجد حیدرآباد میں خطاب جمعہ اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پی ڈی ایم کی تحریک نظام اور انتخابی طریقہ کی تبدیلی کے لیے نہیں بلکہ باری کا مسئلہ ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو تین تین مرتبہ اقتدار ملا لیکن انہوں نے عوام کو کچھ دینے کے بجائے کرپشن کی اور اب بھی ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں موجودہ حکومت بھی ناکامیوں کی حدوں کو چھو رہی ہے قوم کے لیے متبادل صرف جماعت اسلامی ہے۔
جماعت اسلامی غربت و مہنگائی اور بے روزگاری کے علاوہ اس فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔موجودہ حکومت کی طرح سابقہ جماعتیں بھی اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے اقتدار میں آئیں لیکن پی ٹی آئی نے تو اسٹیبلثمنٹ کو پوری طرح نمایاں کردیا ہے۔انہوں کے کہاکہ دنیاں ہرطرف حق وباطل کا معرکہ جاری ہے۔ ہر معالے میں اللہ تعالیٰ سے ڈریں زندگی و موت عزت زلت اور رزق دینے اور حاجت و مشکل روا وہی ذات ہے۔
قبل ازیں انہوں نے سابق امیرمشتاق احمد خان کی بیٹی،سابق امیر شیخ شوکت علی، معروف دانشور ڈاکٹر عابد لغاری،پروفیسرحکیم الدین کی وفات لواحقین کے پاس جاکر تعزیت مغفرت اور درجات بلندی کی دعا کی۔مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، نائب قیم محمد اصغر،امیر صوبہ محمد حسین محنتی،قیم کاشف شیخ، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اور مقامی امیر عقیل احمد سمیت دیگر صوبائی و مقامی رہنما بھی ساتھ موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں