سیاسی کارکنوں کا اغوا ہونا باعث شرم ہے، مولانا واسع
کوئٹہ : جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کو حکومتی سرپرستی میں نیب کی جانب سے نوٹس دینے کی مذمت کرتے ہیں، جلد ہی حکمران گھر چلے جائیں گے اسی لئے وہ اس طرح کے حربے استعمال کرنے پر اتر آئے ہیں۔صوبے میں سیاسی کارکنوں کا اغوا ہونا باعث شرم ہے، بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، یہاں کے عوام کی ساتھ وفاق اور صوبائی حکومت کی زیادتی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ اور پشین میں مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ایک سیاسی قوت ہے جنہوں نے صوبے کے حقوق کے لئے طویل جدوجہد کی ہے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے اعلان کردہ احتجاج کو عملی شکل دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے اور اس وقت ملک میں معاشی حالات انتہائی خراب ہیں سلیکٹڈ وزیراعظم نے جس طرح اداروں کی تذلیل کی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی اگر ملک کے ادارے ناراض ہیں تو وہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی کارکردگی سے ہے کیونکہ انہوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ ملک میں آئے روز گیس اور بجلی کے بلوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اب غریب بھاری بھر کم بلوں کی ادائیگی کی سکت نہیں رکھتے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی نے عام آدمی سے جینا کا حق چھین لیا ہے سرکاری ملازمین کے لئے خاندانوں کی کفالت ممکن نہیں رہا۔ پی ڈی ایم عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ کو گھر بھیج دیں گے۔ عمران خان کلین بولڈ ہوچکے ہیں لیکن ضدی بچے کی طرح کریز پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک سازش کے تحت صوبائی حکومت کی سرپرستی میں سیاسی کارکنوں کو اغوا کیا جارہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں اور سلیکٹڈ حکومت صوبے کے قومی شاہراہوں پر امن وامان کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں بے روزگاری اور غربت کی وجہ سے لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ گیس بجلی سے نکل رہا ہے مگر سردی شروع ہوتے ہی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرد اضلاع میں گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر احتجاج کیا جائے گا بعد ازاں انہوں نے پشین میں سابق رکن قومی اسمبلی مولوی آغا محمد کے بھائی کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔


