اڑھائی سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا‘ حمزہ شہباز

لاہور:پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ہزار کوششوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے،نئے پاکستان والوں کا جلد یوم حساب آنے والا ہے، آٹا، چینی اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی مذمت کرتے ہیں، نیک و کاروں نے آٹا چینی میں ملوث لوگوں کو این آر او دے کر راتوں رات ملک سے باہر بھجوا دیا،اڑھائی سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا، معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے،موجودہ حکومت میں آوئے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے،پاکستان اناڑیوں اور کنفیوژڈحکمرانوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے جس کی سزا عوام کاٹ رہے ہیں،نااہلوں کا ٹولہ اپنی ناکامیوں اور نالائقیوں کو چھپانے کے لئے اداروں کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کررہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اپنی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈھای سال گزر گئے حکمرانوں کی ہزار کوششوں کے باوجود ارکان اور عوام نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہیں اورحکمرانوں کو منہ کی کھانا پڑی۔ انشا اللہ بہت جلد ظلم کی رات ختم ہونے والی ہے۔بہت جلد ملک میں (ن)لیگ کی قیادت میں حقیقی جمہوریت پروان چڑھے گی۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ حکومت کھوکھلی ہوچکی ہے، میں وثوق سے کہنا چاہتا ہوں کہ جب تاریخ میں پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کی کہانی لکھی جائے گی تو اس میں نیب اور اس کا عمران خان نیازی کیساتھ گٹھ جوڑ سرفہرست ہو گا۔ میں اپنے مقدمے یا نیب کی گرفتاری کی وجہ سے فکرمند نہیں بلکہ مجھے عام ریڑھی والے کی فکر ہے جس کی بچی بھوک سے تڑپ رہی ہے، مجھے غریب آدمی کی بے بسی پر رونا آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے قوم کے سینے پر مہنگائی کے جو زخم لگائے ہیں انہیں اس کا حساب دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ گندم چینی میں خود کفیل ملک میں دونوں چیزیں مہنگی ہونے کے باوجود دستیاب نہیں،یہ ہے نالائق حکمرانوں کی گڈ گورننس جن کی ایک چپڑاسی بات نہیں سنتا،آٹا چینی پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ پریشان ہیں اور وزیراعظم کہتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، مجھے تو دور دور تک بہتری کی کوئی امید کی کرن نظر نہیں آتی، ملک معاشی طور پر کمزور ہوتے ہیں تو قومیں ڈوب جاتی ہیں، حکمرانوں کی کشتی ہچکولاے کھا رہی ہے۔ اجلاس میں نوازشریف اور شہبازشریف کی والدہ اورخواجہ،عمران نذیر کے بہنوئی کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے حمزہ شہباز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مدثر قیوم ناہرہ،میاں نصیر،عمران نذیر، کھوکھر برادران،میاں نوید اور عمران خالد بٹ کیخلاف انتقامی سیاسی کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں